کرکٹ

مقصد صرف بھارت سے جیتنا نہیں بلکہ ایشیا کپ کی ٹرافی حاصل کرنا ہے، صائم ایوب

مقصد صرف بھارت سے جیتنا نہیں بلکہ ایشیا کپ کی ٹرافی حاصل کرنا ہے، صائم ایوب

دبئی میں پریس کانفرنس کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر صائم ایوب نے واضح کیا کہ ان کی اور ٹیم کی نظریں صرف بھارت کے خلاف میچ پر نہیں بلکہ ایشیا کپ کی ٹرافی جیتنے پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر میچ میں بہتر کھیلنے کی کوشش کی جاتی ہے اور پاکستان کی حکمت عملی یہی ہے کہ ہر ٹیم کے خلاف بے خوف کرکٹ کھیلا جائے، چاہے وہ بھارت ہو یا کوئی اور حریف۔ صائم ایوب کے مطابق ٹیم کا اصل مقصد صرف ایک میچ نہیں بلکہ پورا ٹورنامنٹ جیتنا ہے۔

اپنی گفتگو میں صائم ایوب نے بتایا کہ پلیئنگ الیون ہمیشہ پچ کی صورتحال کو دیکھ کر منتخب کی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پچ خشک ہو تو اسپنرز کو زیادہ مواقع دیے جاتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیم کے کھلاڑی ایک دوسرے کو اعتماد دیتے ہیں اور اصل چیلنج یہی ہے کہ ٹیم کو جتوایا جائے۔ ان کے مطابق جب کوئی ایک پلیئر میچ جتاتا ہے تو اس کی پچھلی کارکردگیوں پر زیادہ بات نہیں رہتی، لیکن اصل مقصد ٹیم ورک کے ساتھ بڑی کامیابیاں حاصل کرنا ہے۔

پاکستانی بیٹر نے یہ بھی اعتراف کیا کہ دباؤ میں رہتے ہوئے جیتنا نہایت ضروری ہے کیونکہ بڑی ٹیمیں ایسے ہی میچوں میں اپنی اصل طاقت دکھاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ ضرور اہم ہے لیکن پاکستان ٹیم اس سے آگے دیکھ رہی ہے اور ایشیا کپ کو جیتنے کا ہدف رکھے ہوئے ہے۔

صائم ایوب نے مزید کہا کہ امریکا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کی یاد کچھ خاص نہیں ہے۔ ٹیم مینجمنٹ کا مشورہ ہے کہ ماضی سے سیکھا جائے لیکن زیادہ توجہ حال اور آنے والے میچوں پر مرکوز کی جائے تاکہ اچھا نتیجہ حاصل کیا جا سکے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!