
پی سی بی نے بنگلادیش کی ٹرائی سیریزکی آفر مسترد کردی
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دسمبر میں مجوزہ بنگلادیش میں ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز میں شرکت کی پیشکش مسترد کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کو دعوت دی تھی کہ وہ تین ملکی سیریز میں حصہ لے، جس میں سری لنکن ٹیم کو بھی شامل کیا جانا تھا۔
تاہم پی سی بی حکام نے کھلاڑیوں کے مصروف شیڈول اور ورک لوڈ کو مدِنظر رکھتے ہوئے اس تجویز کو قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے اہم کھلاڑی، جن میں شاہین شاہ آفریدی، بابراعظم اور دیگر سینئر کرکٹرز شامل ہیں، دسمبر کے دوران آسٹریلیا میں ہونے والی بِگ بیش لیگ میں شرکت کے لیے پہلے ہی معاہدے کر چکے ہیں۔
پی سی بی کا مؤقف ہے کہ کھلاڑیوں کو آرام دینا اور ان کی فٹنس برقرار رکھنا مستقبل کی سیریز اور بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے لیے ضروری ہے، لہٰذا اس وقت کسی اضافی سیریز میں شرکت ممکن نہیں۔



