باڈی بلڈنگ

دل کا دورہ پڑنے پر معروف باڈی بلڈر ’جیسن لو‘ انتقال کر گئے

آئی ایف بی بی پرو باڈی بلڈر جیسن لو (Jason Lowe) 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

رپورٹس کے مطابق جیسن لو کو دل کا دورہ پڑا، جس کے باعث ان کی موت واقع ہوئی، ان کے انتقال کی خبر ان کی اہلیہ ایشلے لو نے جمعرات کے روز سوشل میڈیا کے ذریعے شیئر کی۔

جیسن لو کی اچانک وفات نے باڈی بلڈنگ کی دنیا کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے، ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کی جانب سےتعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

اطلاعات کے مطابق جیسن لو اپنے گھر کے گیراج میں ٹریننگ کر رہے تھے کہ اچانک گر پڑے، جیسن لو کی اہلیہ ایشلے لو نے اپنے شوہر کی موت پر ایک جذباتی پیغام میں کہا’آج میری زندگی کا سب سے مشکل دن ہے،الفاظ کبھی بھی اس بات کو بیان نہیں کر سکتے کہ تم میرے لیے کیا تھے، تم نے مجھے ایک بہتر انسان بنایا، اور تم ایک بہترین باپ بننے والے تھے۔

ایشلے لو نے مزید لکھا کہ ’ میں اس وقت ہمارے صحن میں تمہاری اولمپیا جیکٹ پہنے بیٹھی ہوں، تمہیں محسوس کرنے کی کوشش کر رہی ہوں، کیونکہ تمہارے بغیر دنیا اب پہلے جیسی نہیں رہی۔‘

واضح رہے کہ’ جیسن لو ‘نے دس سال قبل باڈی بلڈنگ کے کیریئر کا آغاز کیا تھا، وہ 2025 تک باقاعدگی سے مقابلوں میں حصہ لے رہے تھے اور اپنی موت سے ایک دن قبل بھی انہوں نے سوشل میڈیا پر ٹریننگ ویڈیو شیئر کی تھی۔

اپنے کیریئر میں انہوں نے کئی مقابلوں میں ٹاپ تھری پوزیشنز حاصل کیں اور دو مرتبہ مسٹر اولمپیا اسٹیج پر جلوہ گر ہوئے۔ 2018 میں انہوں نے سان انتونیو پرو مقابلہ جیتا،

جبکہ 2019 میں پہلی بار اولمپیا میں شرکت کی اور 16ویں پوزیشن حاصل کی۔ 2020 میں انہوں نے نیو یارک پرو مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔

بعد ازاں وہ شکاگو پرو، اورلینڈو پرو سمیت کئی بڑے مقابلوں کا حصہ بنتے رہے۔ 2025 میں انہوں نے ٹیکساس پرو اور ٹیمپا پرو میں نویں پوزیشن حاصل کی، جیسن لو کی اچانک موت باڈی بلڈنگ کی دنیا کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!