

خیبرپختونخوا انڈر 21 گیمز: روڈ سائیکلنگ مقابلے اختتام پذیر
پشاور( سپورٹس لنک رپورٹ) خیبرپختونخوا انڈر 21 گیمز کے تحت روڈ سائیکلنگ کے مقابلے ریگی ماڈل ٹاون پشاور میں کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئے۔ مقابلوں میں صوبے بھر سے نوجوان سائیکلسٹس نے شرکت کی اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
مقابلوں کی اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن و ساوتھ ایشیا سائیکلنگ کنفیڈریشن سید اظہر علی شاہ تھے، جبکہ ڈائریکٹر پی ڈی اے ریگی ماڈل ٹاو ¿ن سہیل فیروز نے بھی خصوصی شرکت کی۔
روڈ سائیکلنگ مقابلوں میں مردان کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر تین گولڈ میڈلز حاصل کر کے اوورآل پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔
پشاور کی ٹیم تین سلور میڈلز کے ساتھ دوسری پوزیشن پر رہی، جبکہ ہزارہ ڈویڑن نے ٹیم برانز میڈل حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی سید اظہر علی شاہ نے نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کے ایونٹس گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ کو ابھارنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے خیبرپختونخوا میں سائیکلنگ کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔مقابلوں کے انعقاد میں آرگنائزنگ سیکریٹری نثار احمد نے کلیدی کردار ادا کیا اور انتظامات کو سراہا گیا۔



