خیبرپختونخوا گیمز، پشاور کے کھلاڑیوں نے میلہ لوٹ لیا
پشاور ریجن مجموعی طور پر 189 میڈلز کیساتھ پہلی،ملاکنڈ 97 میڈلز کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کرلی


خیبرپختونخوا گیمز،پشاور کے کھلاڑیوں نے میلہ لوٹ لیا
پشاور ریجن مجموعی طور پر 189 میڈلز کیساتھ پہلی،
ملاکنڈ 97 میڈلز کے ساتھ دوسری جبکہ مردان نے 85 میڈلز کیساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرلی
پشاور( سپورٹس لنک رپورٹ) خیبرپختونخوا انڈر 21 گیمز کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئیں، جن میں پشاور ریجن کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 189 میڈلز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ان میڈلز میں 124 گولڈ، 43 سلور اور 22 برانز شامل ہیں۔
اسی طرح ملاکنڈ ریجن نے 18 گولڈ، 31 سلور اور 48 برانز میڈلز کے ساتھ ٹوٹل 97 میڈلز جیت کر دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ مردان ریجن کے کھلاڑیوں نے 14 گولڈ،
26 سلور اور 45 برانز میڈلز کے ساتھ مجموعی طور پر 85 میڈلز حاصل کرکے تیسری پوزیشن اپنے نام کرلی۔ کوہاٹ ریجن کو فیئر پلے ٹرافی سے نوازا گیا۔
ان گیمز کے دوران وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر اور ایڈیشنل ڈی جی سپورٹس رشیدہ غزنوی سمیت دیگر شخصیات نے مختلف وینیوز کے دورہ کرکے کھلاڑیوں میں کیش انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔
گیمز میں ڈی آئی خان ریجن نے 14 گولڈ، 19 سلور اور 32 برانز میڈلز کے ساتھ مجموعی طور پر 65 میڈلز جیت کر چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ ہزارہ ریجن نے 13 گولڈ، 36 سلور اور 55 برانز میڈلز کے ساتھ مجموعی طور پر 104 میڈلز حاصل کرکے پانچویں پوزیشن حاصل کی،
جبکہ بنوں ریجن نے 12 گولڈ، 27 سلور اور 45 برانز میڈلز کے ساتھ مجموعی طور پر 84 میڈلز جیت کر چھٹی پوزیشن حاصل کی ساتویں نمبر پر کوہاٹ ریجن رہا جنہوں نے 12 گولڈ، 24 سلور اور 41 برانز میڈلز کے ساتھ مجموعی طور پر 77 میڈلز حاصل کیے۔
واضح رہے کہ انڈر 21 گیمز میں صوبے کے 7 ریجنز سے 5 ہزار سے زائد مرد و خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ گیمز میں 18 خواتین اور 38 مردوں کے کھیل شامل تھے۔
اس میگا ایونٹ کا افتتاح وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں کیا تھا۔ گیمز میں خصوصی افراد کے لیے سٹینڈنگ کرکٹ اور پست قامت کھلاڑیوں کے مقابلے بھی شامل تھے۔



