بیڈمنٹن

نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ ; ماہور شہزاد اور مراد علی چیمپئن بن گئے

نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ ; ماہور شہزاد اور مراد علی چیمپئن بن گئے

پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) براق 62ویں نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں پاکستان واپڈا کی ماہور شہزاد اور خیبرپختونخوا کے مراد علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنگلز کے ٹائٹل اپنے نام کر لیے، جبکہ ڈبلز مقابلوں میں بھی واپڈا کے کھلاڑی چھائے رہے۔

اختتامی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر، پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے صدر واجد علی چوہدری اور سی ای او براق علی حیدر بابا خیل نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

اس موقع پر پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے سینئر نائب صدر طیب سہیل، سیکرٹری جنرل راجہ اصغر، صدر خیبرپختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن بلال خان، سیکرٹری جنرل میاں صداقت شاہ سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔

پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے زیر اہتمام اور خیبرپختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے تعاون سے قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور میں منعقد ہونے والی 62ویں نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی۔

مردوں کے سنگلز فائنل میں دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا کے مراد علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان واپڈا کے مکیت طاہر کو دو صفر سے شکست دے کر اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا۔

سیمی فائنل میں مکیت طاہر نے پاکستان آرمی کے راجا ذوالقرنین حیدر کو سخت مقابلے کے بعد 14-21، 22-20 اور 21-12 سے ہرایا، جبکہ مراد علی نے محمد علی لاروش (واپڈا) کو 21-15 اور 21-12 سے شکست دی۔

خواتین کے سنگلز فائنل میں ماہور شہزاد نے اپنی ہی ٹیم کی غزالہ صدیق کو تین صفر سے شکست دے کر چیمپئن شپ جیت لی۔ اس سے قبل سیمی فائنل میں غزالہ صدیق نے زبیرہ اسلام کو 21-10 اور 21-15 سے ہرایا،

جبکہ ماہور شہزاد نے پاکستان آرمی کی عمارہ اشتیاق کو 21-13 اور 21-08 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔

خواتین کے ڈبلز ایونٹ کا ٹائٹل پاکستان واپڈا کی زبیرہ اسلام اور ایس این جی پی ایل کی امامہ عثمان نے جیت لیا۔ فائنل میں انہوں نے واپڈا کی غزالہ صدیق اور پاکستان آرمی کی پلوشہ بشیر کو 21-13 اور 21-12 سے شکست دی۔

مکسڈ ڈبلز کے فائنل میں پاکستان واپڈا کے محمد علی لاروش اور زبیرہ اسلام نے پاکستان آرمی کے شعیب ریاض اور الیٰ طارق کو 21-15 اور 21-16 سے ہرا کر چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔

مردوں کے ڈبلز میں پاکستان آرمی کے راجا محمد حسنین اور راجا ذوالقرنین نے واپڈا کے محمد علی لاروش اور محمد عدنان کو دو صفر سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی ،

سیمی فائنلز میں آرمی کی جوڑی نے واپڈا کی اویس زاہد اور زنین جاوید کو 11-21 اور 10-21 سے ہرایا، جبکہ واپڈا کی جوڑی نے آرمی کے رائے عبد المنان اور یاسر علی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 21-14، 15-21 اور 17-21 سے شکست دی۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!