کرکٹ

دورہ بنگلا دیش سے قبل قومی ٹیم میں بڑی تبدیلیاں، سینئرز کی چھٹی کا امکان

دورہ بنگلا دیش سے قبل قومی ٹیم میں بڑی تبدیلیاں، سینئرز کی چھٹی کا امکان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے متوقع دورہ بنگلا دیش سے قبل سلیکشن کمیٹی اہم فیصلوں پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت ون ڈے اسکواڈ میں نمایاں تبدیلیاں متوقع ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ آئندہ عالمی مقابلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تجربہ کار کھلاڑیوں کو آرام دینے اور نئے چہروں کو آزمانے کی حکمت عملی بنا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق بابر اعظم، صائم ایوب اور محمد نواز کو ممکنہ طور پر ون ڈے اسکواڈ سے باہر رکھا جا سکتا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ فیصلہ ٹیم میں بڑی تبدیلی تصور کیا جائے گا۔

سلیکٹرز کا خیال ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دے کر مستقبل کے لیے مضبوط بینچ اسٹرینتھ تیار کی جا سکتی ہے، خاص طور پر جب اگلے بڑے عالمی ایونٹس کی تیاری مقصود ہو۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش کے خلاف تین میچوں کی سیریز 11، 13 اور 15 مارچ 2026 کو ڈھاکا کے شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول ہے اور ٹیم کی روانگی 9 مارچ کو متوقع ہے، تاہم خطے میں جاری کشیدگی کے باعث اس دورے پر غیر یقینی کے سائے بھی منڈلا رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی 20 اسکواڈ میں فوری طور پر بڑے پیمانے پر ردوبدل کا امکان کم ہے کیونکہ اس فارمیٹ میں کوئی قریبی سیریز شیڈول نہیں، لیکن ون ڈے ٹیم کو تجربات کے لیے موزوں سمجھا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر نوجوان کھلاڑیوں کو اعتماد کے ساتھ میدان میں اتارا گیا تو یہ فیصلہ طویل المدتی حکمت عملی کا حصہ ثابت ہو سکتا ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!