
20 سال بعد پشاور میں کرکٹ کی واپسی، قومی ٹی 20 کپ آج سے شروع
خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں تقریباً 2 دہائیوں کے طویل وقفے کے بعد اعلیٰ سطح کی کرکٹ سرگرمیوں کا آغاز ہونے جا رہا ہے جہاں قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے مقابلے آج سے عمران خان اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
شائقین کرکٹ اس تاریخی لمحے کے منتظر ہیں کیونکہ پہلی مرتبہ اس میدان میں جدید مصنوعی روشنیوں کے نیچے ٹی ٹوئنٹی طرز کے سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
ایونٹ کا باقاعدہ افتتاح وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کریں گے جبکہ اس موقع پر صوبائی حکام، کرکٹ بورڈ کے نمائندے اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات بھی موجود ہوں گی۔
ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے اسٹیڈیم کو مکمل طور پر تیار کر لیا گیا ہے اور شہر میں کرکٹ کا جوش و خروش واضح طور پر محسوس کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ عمران خان اسٹیڈیم میں آخری بار 2006 میں بین الاقوامی نوعیت کا بڑا میچ کھیلا گیا تھا جب پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک روزہ مقابلہ منعقد ہوا تھا۔
اس کے بعد اسٹیڈیم کی توسیع اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک طویل منصوبہ شروع کیا گیا تھا جو اب مکمل ہو چکا ہے۔ اس منصوبے کے تحت اسٹیڈیم میں دبئی کے جدید میدانوں کی طرز پر ایل ای ڈی فلڈ لائٹس نصب کی گئی ہیں جبکہ نیا پویلین اور اضافی انکلوژرز بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔
ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی تمام ٹیمیں پشاور پہنچ چکی ہیں اور انہوں نے اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن بھی مکمل کر لیے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایونٹ کے انعقاد کے لیے انتظامی امور سنبھال لیے ہیں جبکہ پچز بھی مکمل طور پر تیار کر لی گئی ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر کے مطابق مقابلوں کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں اور سیکیورٹی سمیت دیگر معاملات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ایونٹ کے دوران روزانہ دو میچز کھیلے جائیں گے۔ اسی طرح ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ افتتاحی روز پہلا میچ شام سوا چار بجے میزبان پشاور اور لاہور وائٹس کے درمیان کھیلا جائے گا
جبکہ دوسرا مقابلہ رات سوا نو بجے فیصل آباد اور کراچی وائٹس کے درمیان ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مقابلے 17 مارچ کو ہوں گے جبکہ فائنل اگلے روز کھیلا جائے گا۔
سیکیورٹی کے حوالے سے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسٹیڈیم اور اس کے اطراف سخت حفاظتی انتظامات کر رکھے ہیں۔ شائقین کی بڑی تعداد کی آمد کے پیش نظر اسٹیڈیم کو سیکیورٹی حصار میں لے لیا گیا ہے جبکہ میچوں کے ٹکٹس کی فروخت بھی جاری ہے۔
ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا جبکہ رنر اپ ٹیم کو 25 لاکھ روپے ملیں گے۔
ایونٹ کے تمام 23 میچز مختلف ٹی وی چینلز پر براہ راست نشر کیے جائیں گے جبکہ لاہور بلوز کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹرافی کی تقریب رونمائی بھی منعقد ہوئی جس میں تمام ٹیموں کے کپتانوں نے شرکت کی اور ایونٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔



