پی ایس اے سیٹیلائٹ اسکواش چیمپئن کا مینز سنگلز ٹائٹل انس علی شاہ کے نام
ویمنز میں دامیہ خان،بوائز انڈر19میں عبداللہ ندیم، انڈر15میں حزیفہ شاہد،انڈر11میں ایم بن نسیم کامیاب

پی ایس اے سیٹیلائٹ اسکواش چیمپئن کا مینز سنگلز ٹائٹل انس علی شاہ کے نام
ویمنز میں دامیہ خان،بوائز انڈر19میں عبداللہ ندیم، انڈر15میں حزیفہ شاہد،انڈر11میں ایم بن نسیم کامیاب
مہمان خصوصی ڈی سی حیدرآباد زین العابدین نے غلام نبی مورائی اور اقبال میمن کے ساتھ انعامات تقسیم کئے
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کے انس علی شاہ نے پی ایس اے سیٹیلائٹ مینز اسکواش چیمپئن شپ کامینز سنگلز کا ٹائٹل جیت لیا جبکہ دوسری پبلک اسکول حیدرآباد نیشنل جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کی ویمنز کیٹیگری میں سندھ کی دامیہ خان،
بوائز انڈر19میں پنجاب کے عبداللہ ندیم،بوائز انڈر15میں ایس این جی پی ایل کے حزیفہ شاہد اور بوائز انڈر11میں سندھ کے ایم بن نسیم چیمپئن بن گئے۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن تھے جنہوں نے اعزازی مہمان گرامی غلام نبی مورائی،حیدرآباد پبلک اسکول کے پرنسپل اور حیدرآباد اسکواش ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اقبال میمن کے ہمراہ انعامات تقسیم کئے۔
اس موقع پر سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے سیکریٹری نوید رحمان،سابق سیکریٹری محمد عامر،سینئر نائب صدر شبیر گل،ریحان شیخ،ریفری ایم فواد،ایم نسیم اور دیگر بھی موجود تھے۔پبلک اسکول حیدرآباد کے جمنازیم میں گزشتہ روز چیمپئن شپ کی تمام کیٹیگریز کے فائنلز کھیلے گئے۔
سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق پی ایس اے سیٹلائٹ مینز کے فائنل میں پاکستان کے انس علی شاہ نے انس خان کو سخت مقابلے کے بعد3-2سے زیر کیا
اور ٹائٹل پر قبضہ جمایا ان کی کامیابی کا سیٹ اسکور ان کے حق میں 11-2،11-8،12-10،7-11اور 12-10رہا۔ویمنز میں سندھ کی دامیہ خان نے سندھ کی ویشنوی کو 3-0سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا
انہوں نے 11-4، 12-10اور11-7سے کامیابی حاصل کی۔بوائز انڈر19کے فائنل میں پنجاب کے عبداللہ ندیم نے سندھ کے عبدالباسط کو کو سخت مقابلے کے بعد ہرا کر فائنل میں کامیابی سمیٹی،
انہوں نے پہلا سیٹ اعصاب شکن مقابلے کے بعد18-16سے جیتا اور اگلے دونوں سیٹس11-9اور11-7سے جیت کت چیمپئن شپ جیت لی۔ بوائز انڈر15کے فائنل میں ایس این جی پی ایل کے حزیفہ شاہد نے آرمی کے فیضان خان کو 11-8،12-10اور11-4سے قابو کر کے فائنل اپنے نام کیا۔
بوائز انڈر11کے فائنل میں سندھ کے ایم بن نسیم، سندھ ہی کے ابان خان کو 3-1سے ہرا کر چیمپئن بنے ان کی کامیابی کا سیٹ اسکور11-6،1-11،11-8اور11-4 رہا۔
واضح رہے کہ سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے زیر نگرانی جاری نیشنل جونیئر اسکوا ش چیمپئن شپ کی تمام چار کیٹیگریز کے لئے ایک لاکھ روپے جبکہ پی ایس اے سیٹیلائٹ مینز اسکواش چیمپئن شپ کی انعامی رقم ایک ہزار ڈالرز تھی۔



