
پاکستانی باکسر فاطمہ زہرا نے تاریخ رقم کردی، کامن ویلتھ گیمز میں کانسی کا تمغہ جیت لیا
کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی خاتون باکسر فاطمہ زہرا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین کی 60 کلوگرام کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سیمی فائنل میں انہیں کینیڈا کی مضبوط حریف ماریا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اس مرحلے تک رسائی نے انہیں تاریخی اعزاز دلا دیا۔
یاد رہے کہ گلاسگو میں جاری مقابلوں کے دوران فاطمہ زہرا نے کوارٹر فائنل میں نیوزی لینڈ کی جارڈن ولسن کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
سیمی فائنل کے ابتدائی مرحلے میں کینیڈین باکسر کو برتری حاصل رہی، جبکہ دوسرے راؤنڈ میں ریفری نے مقابلہ روک دیا، جس کے نتیجے میں پاکستانی باکسر کانسی کے تمغے کی حق دار قرار پائیں۔
اس کامیابی کے ساتھ فاطمہ زہرا کامن ویلتھ گیمز کی باکسنگ تاریخ میں پاکستان کی پہلی خاتون باکسر بن گئی ہیں جنہوں نے کسی بھی درجے میں تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
کھیلوں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کی یہ کامیابی پاکستانی خواتین کھلاڑیوں کے لیے ایک اہم سنگِ میل تصور کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے اسٹار جیولن تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ ان کی پہلی کوشش فاؤل قرار دی گئی، جبکہ دوسری اور تیسری تھرو بالترتیب 77.41 اور 75.39 میٹر رہی، جس کے باعث وہ نویں پوزیشن پر رہے۔
ایونٹ کے قوانین کے مطابق صرف بہترین 8 کھلاڑی اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر سکے، جس کی وجہ سے ارشد ندیم مقابلے سے باہر ہوگئے۔



