کرکٹ

کوئٹہ میں کرکٹ گراؤنڈز کا فقدان، نوجوان سڑکوں اور پارکنگ ایریاز میں کھیلنے پر مجبور

کوئٹہ میں کرکٹ گراؤنڈز کا فقدان، نوجوان سڑکوں اور پارکنگ ایریاز میں کھیلنے پر مجبور

کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کرکٹ گراؤنڈز کی شدید کمی کے باعث شہر کے نوجوان کرکٹرز سڑکوں، پارکنگ ایریاز اور اسپورٹس کمپلیکس کے اطراف میں کرکٹ کھیلنے پر مجبور ہیں، جس کے باعث نہ صرف کھلاڑیوں کی صلاحیتیں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ قیمتی ٹیلنٹ بھی ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔

نوجوان کرکٹرز کا کہنا ہے کہ کوئٹہ شہر کی آبادی اور نوجوانوں کی تعداد کے مقابلے میں کھیلوں کے میدان انتہائی کم ہیں۔ شہر میں موجود بیشتر گراؤنڈز مختلف اوقات میں بند رہتے ہیں، جبکہ دستیاب چند گراؤنڈز تک عام نوجوانوں کی رسائی بھی محدود ہے۔

کھلاڑیوں کے مطابق کوئٹہ میں معیاری کرکٹ کے لیے دستیاب بڑے گراؤنڈز میں بگٹی اسٹیڈیم نمایاں ہے، تاہم وہاں میچ کھیلنے کے اخراجات عام کھلاڑیوں اور مقامی ٹیموں کی استطاعت سے باہر ہیں۔

نوجوانوں کا کہنا ہے کہ بعض اوقات دونوں ٹیموں کے لیے ایک میچ کا گراؤنڈ فیس پچاس ہزار روپے سے بھی زیادہ بنتا ہے، جس کے باعث زیادہ تر کھلاڑی باقاعدہ کرکٹ کھیلنے سے محروم رہتے ہیں۔

شہر کے نواحی علاقوں، جن میں نواں کلی اور جتک اسٹاف کے اطراف کے علاقے شامل ہیں، میں بھی بعض کرکٹ گراؤنڈز موجود ہیں، تاہم یہ شہر کے مرکزی علاقوں سے کافی فاصلے پر ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے روزانہ وہاں پہنچنا وقت اور اخراجات کے باعث مشکل ہے۔

صورتحال اس حد تک سنگین ہو چکی ہے کہ نوجوان کھلاڑی آئی اسپورٹس کمپلیکس کے پارکنگ ایریاز اور سڑکوں پر کرکٹ کھیلنے پر مجبور ہیں، جہاں کھیل کے لیے مناسب سہولیات، پچ اور حفاظتی انتظامات موجود نہیں ہوتے۔

کرکٹرز نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں نئے کرکٹ گراؤنڈز تعمیر کیے جائیں، موجودہ گراؤنڈز کو فعال رکھا جائے اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے کم فیس یا مفت کھیلوں کی سہولت فراہم کی جائے۔

کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بے پناہ کرکٹ ٹیلنٹ موجود ہے، تاہم مناسب گراؤنڈز اور حکومتی سرپرستی نہ ہونے کی وجہ سے یہ ٹیلنٹ ضائع ہو رہا ہے۔

اگر حکومت بنیادی کھیلوں کی سہولیات فراہم کرے تو کوئٹہ اور بلوچستان سے قومی اور بین الاقوامی سطح کے بہترین کرکٹرز سامنے آسکتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!