
خیبر پختونخوا کے تیراک قومی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کریں گے، خالد محمود
صدر کے پی سوئمنگ ایسوسی ایشن کا عادل خان سوئمنگ پول کا دورہ، تربیتی کیمپ کا معائنہ، قومی ایونٹس کے لیے تیراکوں میں کٹ بیگز تقسیم
پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) خیبر پختونخوا سوئمنگ ایسوسی ایشن کے صدر کیپٹن (ر) خالد محمود نے قیوم اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں واقع عادل خان سوئمنگ پول کا دورہ کیا اور جاری سوئمنگ تربیتی کیمپ کا تفصیلی معائنہ کیا۔
اس موقع پر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری جاوید مروت، چیف کوچ شفقت اللہ، کوچز مبین احمد خلیل، ارشد خان اور شاہ سوار اورکزئی نے ان کا استقبال کیا۔
کیپٹن (ر) خالد محمود نے کھلاڑیوں اور کوچز سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی محنت اور لگن کو سراہا اور کہا کہ منظم تربیت اور کوچز کی شبانہ روز کاوشوں کے باعث خیبر پختونخوا کے تیراک مستقبل قریب میں قومی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کریں گے۔
انہوں نے آئندہ قومی مقابلوں میں صوبے کی نمائندگی کرنے والے تیراکوں میں مکمل کٹ بیگز بھی تقسیم کیے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سوئمنگ ایسوسی ایشن کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ تربیتی کیمپ کوچ مبین احمد خلیل کی نگرانی میں جاری ہے جبکہ شاہ سوار اورکزئی معاون کوچ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
دورے کے اختتام پر صدر خیبر پختونخوا سوئمنگ ایسوسی ایشن نے نوجوان کوچز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے انہیں جدید اور اعلیٰ معیار کے کوچنگ کورسز میں بھیجنے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں شاہ سوار اورکزئی کو ایڈوانسڈ کوچنگ کورس کرایا جائے گا تاکہ صوبے میں سوئمنگ کوچنگ کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔



