بنگلا دیش کے وکٹ کیپر بلے باز لٹن داس نے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی۔
بنگلا دیش نے اپنی دوسری اننگز 7 وکٹوں کے نقصان پر 372 رنز بنا کر ڈکلیئر کی۔

بنگلادیشی وکٹ کیپر لٹن داس نے ٹیسٹ کرکٹ میں تاریخ رقم کر دی
بنگلا دیش کے وکٹ کیپر بلے باز لٹن داس نے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی۔ وہ ایک ہی ٹیسٹ میچ میں وکٹوں کے پیچھے 9 شکار کرنے کے ساتھ دونوں اننگز میں نصف سنچری اور سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔
لٹن داس نے افغانستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں یہ اعزاز حاصل کر کے جنوبی افریقہ کے سابق وکٹ کیپر ڈینس لنڈسے کا 60 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
لنڈسے نے 1966 میں آسٹریلیا کے خلاف جوہانسبرگ ٹیسٹ میں دونوں اننگز میں 50 سے زائد رنز بنانے کے ساتھ وکٹوں کے پیچھے 8 شکار کیے تھے۔
لٹن داس نے افغانستان کے بلے باز اکرام علی خیل کا کیچ پکڑ کر اپنے شکاروں کی تعداد 9 تک پہنچائی اور ڈینس لنڈسے کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا۔
لٹن داس نے پہلی اننگز میں 53 رنز بنائے، جبکہ دوسری اننگز میں 102 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کی کارکردگی کی بدولت بنگلا دیش نے اپنی دوسری اننگز 7 وکٹوں کے نقصان پر 372 رنز بنا کر ڈکلیئر کی اور افغانستان کو جیت کے لیے 479 رنز کا ہدف دیا۔
لٹن داس اب ایک ٹیسٹ میچ میں بطور وکٹ کیپر سب سے زیادہ شکار کرنے کا عالمی ریکارڈ توڑنے کے بھی قریب ہیں۔ اس وقت ایک ٹیسٹ میں 11، 11 شکار کرنے کا ریکارڈ انگلینڈ کے جیک رسل، جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز اور بھارت کے رشبھ پنت کے پاس مشترکہ طور پر ہے۔
لٹن داس کو اس ریکارڈ کی برابری کے لیے مزید 2 جبکہ نیا ریکارڈ قائم کرنے کے لیے 3 شکار درکار ہیں۔



