
اسپورٹس سفارت کاری کے ذریعے پاکستان اور بنگلہ دیش کا فٹ بال تعلقات کو مستحکم کرنے کا عزم
لاہور: پاکستان اور بنگلہ دیش نے جنوبی ایشیا میں فٹ بال کی ترقی اور باہمی تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کھیلوں کی سفارت کاری کو فروغ دینے، فٹ بال تعلقات کو مستحکم کرنے اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے امکانات پر غور کیا ہے۔
اس سلسلے میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر سید محسن گیلانی اور پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی،
جس میں دونوں ممالک کے درمیان فٹ بال کے شعبے میں تعاوُن کو فروغ دینے اور مستقبل کی حکمت عملی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی کا کہنا تھا کہ فٹ بال قوموں کو قریب لانے، نوجوانوں کو متحد کرنے اور سرحدی حدود سے بالاتر پائیدار دوستانہ تعلقات قائم کرنے کی عظیم صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی فٹ بال کمیونٹیز کے درمیان قریبی روابط سے نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت، ماہرین کی سطح پر تجربات کے تبادلے، دوستانہ میچوں کے انعقاد اور گراس روٹ و پیشہ ورانہ سطح پر کھیل کی ترقی کے نئے راستے کھلیں گے۔
سید محسن گیلانی نے مزید کہا: "فٹ بال لوگوں اور ممالک کو ایک دوسرے سے قریب لانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ پاکستان، بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے فٹ بال تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور ایسے مواقع سے فائدہ اٹھانے کا خواہا ں ہے جن سے دونوں ممالک کے کھلاڑی، کوچز اور ابھرتا ہوا ٹیلنٹ مستفید ہو سکے۔”
اس موقع پر بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے بھی قوموں کے درمیان دوستی اور باہمی تفہیم کو بڑھانے میں اسپورٹس ڈپلومیسی (کھیلوں کی سفارت کاری) کی اہمیت پر زور دیا۔
بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کا کہنا تھا: "کھیل، عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے اور ممالک کے درمیان حسنِ سگالی کو فروغ دینے کا ایک منفرد ذریعہ ہیں۔ فٹ بال، جو نوجوان نسل میں بے حد مقبول ہے، پاکستان اور بنگلہ دیش کو مزید قریب لانے میں انتہائی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔”



