کرکٹ

لاہور ریجن میں ٹیلنٹ کی بہار، پانچوں زونز میں ٹرائلز جاری

خواجہ ندیم احمد کا میرٹ، شفافیت اور نوجوان کرکٹرز کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اظہار

لاہور ریجن کے پانچوں زونز میں ایج گروپ ٹرائلز جاری، نوجوان ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے بھرپور سرگرمیاں

خواجہ ندیم احمد کا میرٹ، شفافیت اور نوجوان کرکٹرز کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اظہار

رپورٹ: عابد حسین

لاہور: لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام ایج گروپ کرکٹ ٹرائلز لاہور کے پانچوں زونز میں بیک وقت جاری ہیں، جہاں نوجوان کرکٹرز کی بڑی تعداد اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لیے میدانوں میں موجود ہے۔

19 اکتوبر سے شروع ہونے والے ٹرائلز 21 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔ ان ٹرائلز کا بنیادی مقصد ابھرتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشاندہی، ان کی کارکردگی کا جائزہ اور مستقبل کی کرکٹ کے لیے ایک مضبوط ٹیلنٹ پول تیار کرنا ہے۔

سٹی زون، کینٹ زون، ماڈل ٹاؤن زون، راوی زون اور شالیمار زون میں جاری ان سرگرمیوں کے دوران کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت لاہور میں کرکٹ کے وسیع ٹیلنٹ کی عکاسی کر رہی ہے۔

ٹرائلز کو منظم انداز میں منعقد کرنے کے لیے تمام زونز میں متعلقہ ذمہ داران اور گراؤنڈ انتظامیہ متحرک ہیں، جبکہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا جائزہ لینے کے عمل کو میرٹ اور شفافیت کے اصولوں کے مطابق آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

ٹرائلز سٹی زون میں اتفاق ایل آر سی اے گراؤنڈ، کینٹ زون میں نیو اتفاق فیصل ٹاؤن گراؤنڈ، ماڈل ٹاؤن زون میں ماڈل ٹاؤن وائٹس گراؤنڈ، راوی زون میں کشمیر کراؤن گراؤنڈ جبکہ شالیمار زون میں مغلپورہ گریفن گراؤنڈ میں جاری ہیں۔

ٹرائلز کی نگرانی کے لیے سٹی زون میں میاں فضل قدوس اور اعزاز چیمہ، کینٹ زون میں مشہود حسین شیرازی اور اشرف علی، ماڈل ٹاؤن زون میں عمران بچہ اور عرفان فاضل، راوی زون میں اعجاز بٹ اور عامر سجاد جبکہ شالیمار زون میں محمد ارشد اور کاشف صدیق ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں کو دریافت کرنا، انہیں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا اور میرٹ کی بنیاد پر باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانا لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ایج گروپ ٹرائلز اسی وژن کا عملی اظہار ہیں، جن کا مقصد مستقبل کے ایسے کھلاڑیوں کی نشاندہی کرنا ہے جو اپنی محنت، کارکردگی اور صلاحیتوں کے بل بوتے پر لاہور ریجن اور قومی کرکٹ میں نمایاں مقام حاصل کر سکیں۔

خواجہ ندیم احمد نے کہا کہ ٹرائلز کے تمام مراحل میں شفافیت، نظم و ضبط اور میرٹ کو بنیادی اہمیت دی جا رہی ہے۔ ہر نوجوان کھلاڑی کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا مناسب موقع ملنا چاہیے، کیونکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی بروقت شناخت ہی مضبوط کرکٹ نظام کی بنیاد بنتی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن نوجوان ٹیلنٹ کی سرپرستی، معیاری کرکٹ کے فروغ اور کھلاڑیوں کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن نے ٹرائلز کے کامیاب انعقاد کے لیے پانچوں زونز کے ذمہ داران، نگرانی کرنے والے کوچز اور گراؤنڈ انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے مربوط حکمتِ عملی اور مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔

امید ہے کہ ان ٹرائلز کے نتیجے میں باصلاحیت کھلاڑی ابھر کر سامنے آئیں گے جو مستقبل میں لاہور ریجن کی نمائندگی کرتے ہوئے اعلیٰ سطح کی کرکٹ تک رسائی حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے۔

لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن نوجوانوں کے لیے مواقع، کرکٹ کے فروغ اور میرٹ پر مبنی نظام کے ذریعے ایک مضبوط اور روشن کرکٹ مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!