ون ڈے کی عالمی درجہ بندی،پاکستان کی چھٹی پوزیشن برقرار

سال کی اختتامی ون ڈے رینکنگ میں بھی دنیا بھر کے بولرز پر حسن علی کا راج برقرار رہا ،بیٹسمینوں میں بابراعظم چوتھے اور آل راؤنڈرز میں محمد حفیظ ٹاپ پر رہے۔ٹیم رینکنگ میں121پوائنٹس کیساتھ جنوبی افریقہ نمبر ون پوزیشن پر برقرار ہے جبکہ بھارت دوسرے نمبر پر براجمان ہے،پاکستان 99 پوائنٹس کے ساتھ بدستور چھٹی پوزیشن سنبھالے ہوئے ہے۔تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے رواں برس کی آخری ون ڈے رینکنگ جاری کردی، بولنگ چارٹ پر پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی بدستور اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ گذشتہ برس کا اختتام بولنگ میں ٹاپ پوزیشن پر کرنے والے ٹرینٹ بولٹ کو ویسٹ انڈین ٹیم پر تباہی ڈھانے کا صلہ تین درجے ترقی کی صورت میں ملا جس کی بدولت وہ چوتھے نمبر پر پہنچ گئے۔ انھوں نے اس سیریز میں 10 وکٹیں لیں جس میں کرائسٹ چرچ میں 34رنز کے عوض کیریئر بیسٹ7شکار بھی شامل تھے،ان کے ساتھی مچل سینٹنر چار درجے بہتری پاکر 10 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ ویسٹ انڈین کپتان ہولڈر کو 6درجے بہتری نے بولرز میں21ویں نمبر پر پہنچایا۔ سری لنکا سے ہوم ون ڈے سیریز نہ کھیلنے کے باوجود بھارتی کپتان ویرات کوہلی بیٹنگ میں بدستور ٹاپ پوزیشن پر موجود ہیں، پاکستان کے بابر اعظم کا چوتھا نمبر ہے۔ نیوزی لینڈ کے جارج ورکر 89 درجے بہتری سے 135 ویں نمبرپر پہنچے۔آل راؤنڈرز میں محمد حفیظ کا پہلا نمبر ہے، شکیب الحسن دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ ٹیم رینکنگ میں121پوائنٹس کے ساتھ جنوبی افریقہ بدستور نمبر ون پوزیشن پر فائز اور بھارت دوسرے نمبر پر ہے۔ آسٹریلیا کو چند اعشاریائی پوائنٹس کی وجہ سے چوتھے درجے کی انگلش ٹیم پربرتری حاصل ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچز کی سیریزمیں کلین سویپ کے باوجود نیوزی لینڈ کو صرف ایک ہی پوائنٹ ملا، نویں نمبر پر موجود کیریبیئن ٹیم کے ایک پوائنٹ کی کٹوتی ہوئی ہے۔ پاکستان 99 پوائنٹس کے ساتھ بدستور چھٹی پوزیشن سنبھالے ہوئے ہے، بنگلہ دیش اس سے پورے سات پوائنٹس کمی کے ساتھ ساتویں اور 84 پوائنٹس کی حامل سری لنکن ٹیم آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔ پاکستان نے 2017 کا اختتام چھٹی پوزیشن پر کیا۔

 

error: Content is protected !!