کابل: افغانستان نے اپنی تاریخ کے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل سابق ویسٹ انڈین آل راؤنڈر فل سمنز کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے گزشتہ سال جون میں آئرلینڈ کے ساتھ ساتھ افغانستان کو بھی ٹیسٹ اسٹیٹس دیا تھا اور رواں سال ممکنہ طور پر افغانستان کی ٹیم بھارت کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔
افغانستان نے 2002 میں ریٹائر ہونے والے ویسٹ انڈین آل راؤنڈر اور اوپننگ بلے باز کو اپنا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے جو اس سے قبل اپنے ملک ویسٹ انڈیز کے ساتھ ساتھ زمبابوے اور آئرلینڈ کی کوچنگ بھی کر چکے ہیں۔
سمنز دبئی میں افغانستان کے اسکواڈ کو جوائن کریں گے جہاں افغان ٹیم فروری میں زمبابوے سے سیریز کھیلے گی۔
راشد خان کی زیر قیادت ایک عمدہ باؤلنگ لائن اور جیت کے جذبے کی حامل افغان ٹیم کو مستقبل قریب میں کرکٹ کی ایک بڑی طاقت کے روپ میں دیکھنے کی پیش گوئی پہلے ہی کی جا چکی ہے۔
ون ڈے اور ٹی20 میں تسلسل سے عمدہ کارکردگی کی بدولت جنگ سے متاثرہ افغانستان کی کرکٹ ٹیم نے دیگر ٹیموں کی نسبت بہت جلد آئی سی سی کی ٹیسٹ رکنیت حاصل کر لی اور ماہرین کے مطابق یہ ٹیم جلد ہی دنیا کی تمام ٹیموں کیلئے ایک مشکل حریف بن جائے گی۔