64ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ کا ٹائٹل نیشنل بینک نے جیت لیا

 

سکھر:64ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ کا ٹائٹل نیشنل بینک نے جیت لیا، فائنل میں واپڈا کو 2-1سے شکست، فاتح سائیڈ کے لئے دونوں گول ابوبکر نے کئے جبکہ واپڈا کا واحد گول قاسم نے کیا،تیسری پوزیشن کے میچ میں سوئی سدرن گیس نے نیوی کو قابو کرلیا، مہمان خصوصی اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے انعامات تقسیم کئے۔تفصیلات کے مطابق نیشنل بینک نے سنسنی خیز فائنل میں واپڈا کو 2-1سے شکست دے کر قومی ہاکی چیمپئن شپ جیت لی ۔

نیشنل بینک کی جانب سے کھیل کے 13ویں منٹ میں ملنے والے پنلٹی کارنر پر ابوبکر نے گول کیا لیکن 18ویں منٹ میں واپڈا کی جانب سے قاسم نے پنلٹی کارنر ہی پر گول کرکے مقابلہ 1-1سے برابر کردیا ۔ دوسرا ہاف شروع ہوتے ہی نیشنل بینک کی جانب سے ایک مرتبہ پھر ملنے والے پہلے پنلٹی کارنر پر ابوبکر نے گول کردیا ،واپڈا نے میچ برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی مگر نیشنل بینک کے دفاعی کھلاڑیوں نے ان کی ایک نہ چلنے دی اور ریفری کی فائنل وسل پر نیشنل بینک کی ٹیم واپڈا کے خلاف 2-1سے سرخرو ہو کر میدان سے باہر آئی

اور پانچویں مرتبہ قومی چیمپئن شپ کی فاتح بن گئی۔ قبل ازیں تیسری پوزیشن کے لئے کھیلے گئے میچ میں سوئی سدرن گیس نے نیوی کو 3-1سے زیر کرلیا۔ سوئی سدرن کی جانب سے رانا سہیل نے 2اور ذیشان بخاری نے ایک گول کیا۔مہمان خصوصی سید خورشید شاہ نے فاتح اور رنر اپ ٹیم کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔

 

 

error: Content is protected !!