ٹیکنیکل کبڈی کورس کا افتتاح ہو گیا

صوبائی وزیرکھیل پنجاب جہانگیرخانزادہ نے کہا ہے کہ کبڈی عوام کا پسندیدہ کھیل ہے جس میں عالمی سطح پر بہت زیادہ میڈلز حاصل ہوتے ہیں ، اولمپک کونسل آف ایشیا ،پاکستان کبڈی فیڈریشن اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے ٹیکنیکل کبڈی کورس کے انعقاد سے کھیل کو مزید فروغ حاصل ہوگاان خیالات کا اظہار نشترپارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنازیم ہال میں ٹیکنیکل کبڈی کورس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا ہے اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود ، پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا سرور ، ایم ڈی ٹورازم احمر ملک اور ڈائریکٹرسپورٹس محمد انیس شیخ بھی موجود تھے ، صوبائی وزیرکھیل پنجاب جہانگیرخانزادہ نے ٹیکنیکل کبڈی کورس کا افتتاح کیا ، کبڈی کورس میں ملک بھر سے کبڈی کے کوچز اور آفیشلز حصہ لے رہے ہیں ۔

صوبائی وزیرکھیل جہانگیرخانزادہ نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ کبڈی کوعوام شوق سے دیکھتے ہیں کبڈی کو فروغ دینے کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے ، ٹیکنیکل کبڈی کورس میں شریک ملک بھر سے آئے ہوئے کوچز اور آفیشلز کو خوش آمدید کہتاہوں اور ان کو سہولیات دینے کیلئے بھر پور اقدامات کیے جارہے ہیں ، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کبڈی عوام کا کھیل ہے جس کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں پنجاب میں سپورٹس کی ترقی کیلئے اب کوئی رکاوٹ نہیں ہے بہترین انفراسٹرکچر کیلئے خطیر فنڈز استعمال کیے جارہے ہیں

حکومت کاکام سہولیات فراہم کرناہے اور فیڈریشن کو چاہیے کہ وہ اچھے کھلاڑی سامنے لائے ، کبڈی کا کھیل ترقی کر رہا ہے اور کبڈی لیگ کے اقدامات بھی ہورہے ہیں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت سپورٹس کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے صوبائی وزیرکھیل پنجاب اور سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان سپورٹس کی ترقی کیلئے کام کر رہے ہیں ، خاص طور پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب کا کردار اہمیت کا حامل ہے

وہ سپورٹس کی ترقی کیلئے کوشاںہیں ، تقریب کے آخر میں پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا سرور نے سپورٹس بورڈپنجاب کے بھرپور تعاون پر صوبائی وزیرکھیل پنجاب جہانگیرخانزادہ اور سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمدعامر جان کا شکریہ ادا کیا ، ٹیکنیکل کبڈی کورس 3سے 8جنوری تک نشترپارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنازیم ہال میں جاری رہے گا جس میں ملک بھر سے کبڈی کے کوچز اور آفیشلز حصہ لے رہے ہیں ۔

 

تعارف: newseditor