شکست کی وجہ ناقص فیلڈنگ اور بیٹنگ قرار

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں ناقص بیٹنگ  اور فیلڈنگ کو ناکامی کی وجہ قرار دے دیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے پہلے میچ میں کیویز نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو جیت کے لیے 316 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن پاکستانی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز ہی بنا پائی تھی کہ بارش کے باعث میچ کو روکنا پڑا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت پہلے ایک روزہ میچ میں 61 رنز سے شکست دی۔

نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پہلے ہی اوور میں 2 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہوجانے کی وجہ سے مشکل کا شکار ہوگئے تھے اور ہماری فیلڈنگ بھی ناقص رہی۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں خاص طور پر کین ولیم سن نے بہترین کھیل پیش کیا، اگر کیچ ڈراپ ہوں گے تو جیت مشکل ہوجاتی ہے لیکن ہم کوشش کریں گے کہ اگلے میچ میں اچھا کھیل پیش کریں۔

نیوزی لینڈ کے کپتان ولیم سن نے کہا کہ ہم نے بیٹنگ میں ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کافی عرصے سے اچھی بولنگ کا مظاہرہ کررہی ہے لیکن آج ہم نے بیٹنگ میں ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور بیٹنگ کے دوران اندازہ ہوگیا تھا کہ 300 سے زائد رنز بنا لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے اچھی منصوبہ بندی کی تھی لیکن ہوا کے دباؤ کا ہم نے پورا فائدہ اٹھایا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا دوسرا میچ 9 جنوری کو نیلسن میں کھیلا جائے گا۔

تعارف: newseditor