بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب

لاہور:پانچویں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب الحمراء کلچرل کمپلیکس میں منعقد ہوئی، صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے شاٹ کھیل کر ورلڈ کپ کا افتتاح کیا، تقریب میںتمام صوبوں کے علاقائی رقص اور صوفی پرفارمنس پیش کی گئی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ آج تاریخی اور فخر کا دن ہے، 5ویں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کا پاکستان میں انعقاد اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کو شکست دیدی ہے،نیپال اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کو پاکستان آمد پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف دوسرے شعبوں کی طرح سپورٹس کو ترجیح دیتے ہیں، پنجاب حکومت نے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے انعقاد کیلئے خطیر رقم دی ہے اور تمام تر انتظامی تعاون بھی فراہم کیا ہے،ہم چاہتے ہیں کہ معاشرے کے معذور افراد بھرپور زندگی گزاریں اور اپنے اندر پوشیدہ خداداد صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لائیں،بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ ایک عظیم موقع ہے کہ ہم شریک ممالک کے ساتھ مل کر معذوروں کی فلاح و بہبود کے لئے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دے سکیں۔وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی یقینا پوری قوم کیلئے باعث فخر ہے، اس عالمی کپ کے ذریعے ہم دنیا کو اپنے حقیقی کلچر اور روایات سے روشناس کرائیں گے جس کے نتیجے میں دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت چہرہ سامنے آئے گا، میں بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ کے تمام شرکاء کا شکریہ اد ا کرنا چاہوں گا اور امید کرتا ہوں کہ سپورٹس کے ذریعے ہم معذور افراد کے مساوی حقوق کے لئے دنیا بھر میں آواز بلند کرسکتے ہیں،میں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے انعقاد پر پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل اور آرگنائزنگ کمیٹی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ پنجاب حکومت معذور افراد کو وافر مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سپورٹس کی ترقی اور کھلاڑیوں کو خوشحال بنانے کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں، پنجاب حکومت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سپورٹس کے 200سے زائدترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام ہورہا ہے، جبکہ ایک ارب 30کروڑ روپے کا انڈوومنٹ فنڈ بھی قائم کیا ہے جس میں سپیشل افراد کی مددبھی کی جائے گی، آپ کو میں یہ بھی بتانا چاہتا ہوں کہ لاہور کے علاقے رکھ جھیڈو میں127.765 ملین روپے کی لاگت سے بلائنڈ کرکٹ سٹیڈیم بھی تعمیر کیا جارہاہے جس میں عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کررہے ہیںمجھے پاکستان کی بلائنڈکرکٹ ٹیم پر فخر ہے جو ہمیشہ پاکستان کیلئے ٹائیٹلز جیتی رہتی ہے اور میں اس ایونٹ کیلئے بھی ان کی کامیابی کیلئے دعاگو ہوں۔


پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کا انعقادخوش آئند ہے، ہم وزیرا علیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ کے بے حد مشکور ہیں جن کے تعاون کے بغیر اتنے بڑے ایونٹ کو کراناممکن نہ تھا، پنجاب حکومت نے 5ویں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے بھرپور مالی امداد دی ہے جس پر ہم خصوصی طور پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں،اس موقع پر سید سلطان شاہ نے مہمان خصوصی وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ کو پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کی جانب سے سوینئر پیش کیا۔افتتاحی تقریب میں سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن خالد محمودبھی شریک تھے۔


رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں فنکاروں نے پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا،کشمیر اور کیلاش کے علاقائی رقص پیش کئے، اس کے علاوہ صوفی پرفارمنس بھی پیش کی گئی، سکولوں کے خصوصی بچوں نے خوبصورت ٹیبلو پیش کئے۔

تعارف: newseditor

error: Content is protected !!