جولیا جارجز نے اے ایس کلاسک ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا

اے ایس بی کلاسک ٹینس ٹورنامنٹ میں جرمنی کی جولیا جارجز نے نئے سال کا آغاز ٹائٹل کامیابی سے کرتے ہوئے ٹاپ سیڈ حریف ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی کو سٹریٹ سیٹس میں زیر کرلیا،انہوں نے مسلسل 14میچز جیت کر لگاتار تیسری ٹرافی پر قبضہ یقینی بنایا۔ سڈنی انٹرنیشنل میں یلینا اوسٹاپینکو کو پہلے راؤنڈ میں حیران کن شکست کا سامناکرنا پڑا جبکہ ہوبارٹ انٹرنیشنل سے فرنچ پلیئر الیزے کورنیٹ کی اپ سیٹ رخصتی ہو گئی۔

نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں جاری اے ایس بی کلاسک ٹینس ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگل فائنل میں نمبر دو سیڈ جرمن کھلاڑی جولیا جارجز نے ٹاپ سیڈ ڈینش حریف کیرولین ووزنیاکی کو چھ چار اور سات چھ سے ٹھکانے لگا کر نہ صرف مسلسل 14ویں کامیابی کو گلے لگایا بلکہ لگاتار تیسرا ٹائٹل بھی اپنے قبضے میں کرلیا۔ 2016ء میں اسی ٹورنامنٹ کی رنرز اپ جولیا جارجز نے اپنی مقابل پلیئر کیخلاف دسویں فتح کیلئے محض 90 منٹ خرچ کئے اور اپنی کامیابی کے تسلسل کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اس پر بہت زیادہ فخر محسوس کر رہی ہیں۔

اسی ایونٹ کے مینز سنگل کوالیفائنگ مقابلوں میں نمبر دو سیڈ سلواکیہ کے لوکاس لاکو، نمبر تین سیڈ امریکا کے ٹینائس سینڈگرین اور نمبر پانچ سیڈ جاپانی کھلاڑی ٹارو ڈینیئل کا سفر ابتدائی آزمائش میں تمام ہو گیا۔ سڈنی انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں ایک حیران کن نتیجہ سامنے آیا جب نمبر تین سیڈ لیٹویا کی یلینا اوسٹاپینکو روسی حریف ایکٹرینا ماکارووا کیخلاف سات چھ اور چھ ایک سے مات کھا گئیں جبکہ نمبر پانچ سیڈ فرنچ پلیئر کرسٹینا ملاڈینووچ کو آسٹریلین حریف ایلن پیریز کیخلاف انجری کے سبب چار،چھ اور دو،چار کے سکور پر کورٹ چھوڑنا پڑا۔

روس کی ایلینا ویسنینا نے بھی اسپین کی لارا اروابرینا کو چھ،دو کے یکساں اسکور سے مات دے کر دوسرے مرحلے میں جگہ بنا لی۔اسی ٹورنامنٹ کے میز سنگل مقابلوں کے پہلے راؤنڈ میں نمبر سات سیڈ بوسنیا کے دامیر زومہور ،یوکرین کے الیگزینڈر ڈولگوپولوف اور اٹلی کے پاؤلو لورینزی بھی اپنے حریفوں کو زیر کر کے سیکنڈ راؤنڈ میں جا پہنچے ۔آسٹریلیا میں جاری ہوبارٹ انٹرنیشنل کے ویمنز سنگل فرسٹ راؤنڈ میں قازقستان کی یولیا پوٹینٹسیوا نے جاپان کی ناؤمی اوساکا کو چھ،تین کے یکساں اسکور سے ہرا دیا،امریکا کی ورورا لیپ چینکو نے جرمنی کی مونا بارتھیل کو چھ،صفر اور سات،چھ سے جبکہ رومانیہ کی میہائیلا بوزارنیسکو نے نمبر چار سیڈ فرنچ حریف الیزے کورنیٹ کو چھ،دواور چھ،چار سے ہرا کر زبردست اپ سیٹ کر دیا۔

تعارف: newseditor