افغان کرکٹر نے سر ڈان بریڈ مین کو پیچھے چھوڑ دیا

افغانستان کے انڈر 19 کرکٹر باہر شاہ محبوب نے بیٹنگ ایوریج میں عظیم بلے باز ڈان بریڈمین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ افغانستان کرکٹ بین الاقوامی سطح پر تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہا ہے اور اس کی سینئر ٹیم رواں سال کے آخر میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرے گی وہیں پر اس کے کھلاڑی بھی بھرپور انداز سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں، افغانستان کے ابھرتے ہوئے بلے باز باہر شاہ محبوب نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 12 اننگز میں ہزار سے زائد رنز بنا رکھے ہیں اور ان کی رنز بنانے کی اوسط 121.77 ہو گئی ہے جو کہ ڈان بریڈمین سے بھی بہتر ہے

 

انہوں نے 256 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ڈیبیو میچ میں انفرادی طور پر دوسری بڑی اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا، اس کے علاوہ انہوں نے ٹرپل سنچری بھی اپنے نام کی تھی اور وہ جاوید میانداد کے بعد ٹرپل سنچری بنانے والے دوسرے کم عمر کھلاڑی ہیں۔ شاہ اس وقت نیوزی لینڈ میں انڈر 19 ورلڈ کپ کھیلنے کیلئے افغانستان ٹیم کے ساتھ نیوزی لینڈ میں موجود ہیں۔ شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ورلڈ کپ میں نوجوان کھلاڑیوں کے پاس اپنی صلاحیتوں کو منوا کر سینئر ٹیم میں جگہ بنانے کا سنہری موقع ہو گا، میں بھی سخت محنت کر رہا ہوں، ہر میچ میں کوشش ہو گی کہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کروں۔

 

تعارف: newseditor

error: Content is protected !!