پاکستان اور بھارت کی بلائنڈ کرکٹ ٹیموں کے مابین ورلڈ کپ کا میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور یو اے ای میں مشترکہ طور پر منعقد کئے جارہے پانچویں بلائنڈ ورلڈ کپ سے قبل چار ورلڈ کپ منعقد ہوچکے ہیں جس میں سے پاکستان کی ٹیم نے دو دفعہ ورلڈ کپ جیتا جبکہ دفاعی چمپئن بھارت اور ساؤتھ افریقہ کی ٹیمیں ایک ایک میگا ایونٹ جیت سکیں،پاکستان کی ٹیم چاروں ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی،ایک ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کو ساؤتھ افریقہ کے ہاتھوں شکست ہوئی جبکہ دوسرے ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں فائنل میں شکست ہوئی ،پاکستان اور بھارت کی بلائنڈ کرکٹ ٹیموں کے مابین دنیا کی مختلف کرکٹ گراؤنڈز میں 25ون ڈے میچز ہوچکے ہیں جس میں سے پاکستان نے 14میچز جیتے جبکہ بھارت نے 10میچز میں فتح حاصل کی اور ایک میچ کا نتیجہ نہیں نکل سکا ،بھارت کی ٹیم پاکستان کو گزشتہ تین ورلڈ کرکٹ ٹورنامنٹس کے فائنل میں شکست دے چکی ہے،بھارت کی ٹیم نے 2012ء اور2017ء کے بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کو شکست دی جبکہ2014ء کے ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی پاکستان کو بھارت سے شکست ہوئی ،پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سیّد سلطان شاہ کا کہنا ہے کہ پانچویں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے پاکستان نے بھرپور تیاری کی ہے اور امید ہے کہ ٹیم قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔