انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے رواں برس مارچ میں دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کر دیا، ایشز سیریز میں کینگروز کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے باوجود ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کی گئیں، مارک سٹونمین اور جیمز ونس کو ناقص کارکردگی کے باوجود مزید موقع دیا گیا ہے، لیام لیونگسٹون پہلی بار سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے، آل رائونڈر بین سٹوکس کو بھی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے تاہم ان کی شرکت پولیس تحقیقات سے مشروط ہو گی
فاسٹ بائولرز گیری بیلنس، جیک بال اور ٹام کیورن کو ڈراپ کر دیا گیا۔انگلش ٹیم مارچ اپریل میں نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ انگلش سلیکٹر وائی ٹیکر نے اپنے بیان میں کہا کہ بیلنس، جیک بال اور کیورن نے دورہ آسٹریلیا کے دوران سخت محنت کی تاہم بدقسمتی سے وہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے، تینوں بائولرز باصلاحیت ہیں اور مجھے پورا یقین ہے کہ وہ ٹیم میں کم بیک کریں گے۔ اعلان کردہ ٹیم کپتان جوروٹ، معین علی، جیمز اینڈرسن، جونی بیئرسٹو، سٹورٹ براڈ، ایلسٹرکک، بین فوکس، لیام لیونگسٹون، ڈیوڈ میلان، میسن کرین، کریگ اوورٹن، بین سٹوکس، مارک سٹونمین، جیمز ونس، کرس ووکس اور مارک ووڈ پر مشتمل ہے۔