ٹی 20 ’گلوبل زلمی لیگ‘ کے شیڈول کا اعلان

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) چیمپئین پشاور زلمی نے اپنی ٹی ٹوئنٹی لیگ ’گلوبل زلمی لیگ‘ کے شیڈول کا اعلان کردیا۔

لیگ میں دنیا بھر میں موجود پشاور زلمی کے فینز اور باصلاحیت کرکٹرز زلمی کے بینر تلے جمع ہوکر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

پشاور زلمی نے گزشتہ سال 10 غیر ملکی زلمی ٹیموں پر مشتمل زلمی ورلڈ کپ کا انعقاد کیا تھا اور زلمی ورلڈ کپ کی پزیرائی اور مقبولیت کے پیش نظر پشاور زلمی نے اپنی ٹی ٹوئنٹی لیگ ’گلوبل زلمی لیگ‘ کے شیڈول کا بھی اعلان کردیا۔

لیگ 11 فروری سے یو اے ای عجمان اوول میں شروع ہوگی، لیگ میں دنیا بھر سے 16 ممالک کی زلمی ٹیمز شریک ہوں گی۔

جن میں آسٹریلیا زلمی، آسٹرین زلمی، بحرین زلمی، بون زلمی، کینیڈا زلمی، چین زلمی، دبئی زلمی، کابل زلمی، کشمیر زلمی، کوریا زلمی، لندن زلمی، پیرس زلمی، سعودی عرب زلمی، جنوبی افریقا زلمی، ٹورینو زلمی اور یو ایس اے زلمی نیشنل ٹیم شامل ہیں۔

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ گلوبل زلمی لیگ کا انعقاد اور دنیا کے 16 ممالک میں زلمی ٹیم کی تشکیل ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلوبل زلمی لیگ میں اوور سیز پاکستانی اوربھارتی شامل ہیں جس سے دونوں ملکوں کے عوام کو قریب آنے کا موقع ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ گلوبل زلمی لیگ میں شریک 16 ٹیموں میں خیبرپختونخوا اور فاٹا کے دو کرکٹرز بھی شامل کرسکتے ہیں۔

تعارف: newseditor

error: Content is protected !!