نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز،شعیب کی شرکت مشکوک

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک کی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت مشکوک ہو گئی ، شعیب ملک نے پانچویں ایک روزہ میچ سے قبل پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لیا اور ہوٹل میں آرام کیا۔

شعیب ملک چوتھے ایک روز میچ میں رن لینے کے دوران کیوی فیلڈر کی تھرو سر پر لگنے کی وجہ سےزخمی ہوگئے تھے۔

ویلنگٹن میں پانچ ویں ون ڈے سے قبل بارش کے باعث پاکستانی کرکٹرز نے انڈورپریکٹس کی، شعیب ملک نے پریکٹس میں حصہ نہیں لیا۔

واضح رہے کہ ٹی20 سیریز کے لئے عمر امین اور احمد شہزاد نے نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم کو جوائن کرلیا ہے،جبکہ اوپنر اظہر علی اور امام الحق آخری ایک روزہ میچ کے بعد پاکستان واپس آجائیں گے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مختصر ترین فارمیٹ کے 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز 22، 25 اور 28 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔

تعارف: newseditor