چنگ ہیون گرینڈ سلام ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والے پہلے جنوبی کورین

میلبورن(سپورٹس لنک رپورٹ)راجر فیڈرر 14ویں مرتبہ آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے، چنگ ہیون کسی بھی گرینڈ سلام ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والے پہلے جنوبی کورین کھلاڑی بن گئے۔ آسٹریلیا میں جاری سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹورنامنٹ کے سلسلے میں بدھ کو کھیلے گئے کوارٹر فائنلز میں شہرہ آفاق سوئس سٹار اور ریکارڈ گرینڈ سلام چیمپئن راجر فیڈرر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف جمہوریہ چیک کے کھلاڑی ٹامس برڈچ کو سٹریٹ سیٹس میں 7-6، (7-1)، 6-3 اور 6-4 سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، فیڈرر نے 14ویں مرتبہ آسٹریلین اوپن جبکہ مجموعی طور پر 34ویں گرینڈ سلام لاسٹ فور میں جگہ بنانے کا اعزاز حاصل کیا، سیمی فائنل میں انہیں کمزور نظر کے حامل جنوبی کورین کھلاڑی چنگ ہیون کا چیلنج درپیش ہو گا جنہوں نے کوارٹر فائنل میں حریف امریکی کھلاڑی سینڈ گرین کو 6-4، 7-6، (7-5) اور 6-3 سے شکست دی تھی۔چنگ ہیون گرینڈ سلام ٹورنامنٹس کی تاریخ میں کسی بھی ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والے جنوبی کوریا کے پہلے کھلاڑی ہیں۔

تعارف: newseditor