تئیسویں خاورشاہ نیشنل بیس بال چیمپیئن شپ کا بحریہ ٹاؤن میں آغاز

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان فیڈریشن بیس بال کے زیر اہتمام تئیسویں خاورشاہ نیشنل بیس بال چیمپئن شپ کاعاشق حسین بیس بال سٹیڈیم بحریہ ٹاؤن میں آغاز ہوگیا ہے۔ ایونٹ میں پنجاب، فاٹا، سندھ، خیبر پختونخواہ، اسلام آباد ، پاکستان آرمی ، پاکستان واپڈااور پاکستان پولیس کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔
پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سیکرٹری جنرل شیخ مظہر احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چیمپئن شپ کے افتتاح کے موقع پر بحریہ ٹاؤن لاہور کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بریگیڈئیر (ر) خلیل اللہ بٹ مہمان خصوصی تھے۔ پنجاب بیس بال ایسوسی ایشن کے صدر سید شہریار علی اور پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ جوکہ بحریہ ٹاؤن لاہور کے ڈائریکٹر سپورٹس بھی ہیں نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ اس موقع پر آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین محمد محسن خان ، چیئرمین ٹیکنیکل کمیٹی محمد جمیل کامران ، سیکرٹری کوچنگ ایسوسی ایشن مصدق حنیف اور سیکرٹری جنرل شیخ مظہر احمد بھی موجود تھے۔
شیخ مظہر احمد نے مزید بتا یا کہ سید فخر علی شاہ صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال نے مہمان خصوصی کا کھلاڑیوں سے تعارف کروایا۔ تعارف کے بعد مہمان خصوصی بریگیڈئیر(ر) خلیل اللہ بٹ نے بال پچ کرکے ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈئیر (ر) خلیل اللہ بٹ نے تئیسویں خاورشاہ نیشنل بیس بال چیمپئن شپ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے پاکستان فیڈریشن بیس بال کی تعریف کی اور کہا کہ بحریہ ٹاؤن ایسے ایونٹس کو سپورٹ کرنے کے لئے تیار ہے ۔
ٹورنامنٹ کے پہلے روز تین میچ کھیلے گئے ۔ پہلے میچ میں پنجاب نے اسلام آباد کو 16-2سے شکست دی۔ پنجاب کے لئے علی ، افراز ملک ، بلال، ذیشان، سلمان خان ، حمزہ ہاشمی اور محمد ولی نے دو رنز سکور کئے ۔ جبکہ اسامہ اور حمزہ صدیقی نے ایک رن سکور کیا۔اسلام آبا دکے لئے بلال اور قیصر نے ایک ایک رن سکور کیا۔
ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ خیبر پختونخواہ اور سندھ کے درمیان کھیلا گیاجوکہ خیبر پختونخواہ نے تین کے مقابلے میں 19رنز سے جیت لیا۔ کے پی کے کی جانب سے عاصم اور عابد نے تین تین رنز سکور کئے ، منصور ، وسیم ، فیصل بہادر ، ذیشان ، حارث اور حمید اللہ نے دو دو رن سکور کئے جبکہ انصر علی نے ایک رن بنا کر اپنا حصہ ڈال۔ سندھ کی جانب سے ہمت علی ، ظہیر اور کامران جٹ نے ایک ایک رن سکور کیا۔
تیسرے میچ میں فاٹا کی ٹیم نے بلوچستان کی ٹیم کو 10-0 سے ہرادیا۔ فاٹا کی جانب سے وحید ، حضرت اللہ اور گوہر نے دو دو رن سکور کئے جبکہ عرفان، شاہد، ارمان اور عطاء اللہ نے ایک ایک رن سکورکیا۔
کل کے میچز
میچ نمبر 4 خیبر پختونخواہ بمقابلہ فاٹا 09:00AM
میچ نمبر 5 پنجاب بمقابلہ میچ نمبر 4کا فاتح 02:00PM

تعارف: newseditor