پی ایس ایل تھری،،،ملتان سلطانز نے ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا ہدف دیدیا

دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ): مڈل آرڈر بلے باز صہیب مقصود کی تباہ کن اننگز کی بدولت پاکستان سپر لیگ تھری کے 16ویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا ہدف 184 کھڑا کردیا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو ٹاس جیت کر بیٹنگ کی دعوت دی۔

ملتان کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز کمار سنگاکارا تھے جو 28 رنز بناکر لائم ڈوسن کی گیند کا شکار بنے جبکہ احمد شہزاد اپنی روایتی سست رفتار اننگز (37 گیندوں پر 37 رنز) کھیل کر رن آؤٹ ہوگئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز کپتان شعیب ملک تھے جو عمید آصف کی گیند پر مڈ وکٹ پر گیند کو باؤنڈری کے پار لگانا چاہتے تھے تاہم حسن علی کو کیچ دے بیٹھے۔

تاہم دوسرے اینڈ سے صہیب مقصود کے بلے سے رنز آتے رہے۔ 85 رنز کی جارحانہ اننگز میں صہیب مقصود نے 7 شاندار چھکے لگائے۔

پشاور زلمی کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہے۔ تمیم اقبال اپنے ملک بنگلہ دیش سے کھیلنے واپس چلے گئے ہیں، ان کی جگہ آندرے فلیچر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ صابر رحمان اور عثمان خالد کی جگہ رکی ویسلز اور حماد اعظم کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان ملتان سلطانز کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

دونوں ہی ٹیموں نے اب تک ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل پیش کیا ہے اور شائقین کرکٹ کو امید ہے کہ ان دو ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

پی ایس ایل تھری میں ملتان اور پشاور کی ٹیمیں دوسری بار مد مقابل آرہی ہیں، ایونٹ کا افتتاحی میچ بھی ان دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا تھا جس میں ملتان سلطانز نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی انجری کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہیں اور ان کی غیر موجودگی میں ٹیم کی قیادت محمد حفیظ کررہے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں ہر ٹیم پانچ پانچ میچز کھیل چکی ہے، ملتان سلطانز 7 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ لاہور قلندرز اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکے ہیں۔

ملتان سلطانز کی ایونٹ میں پہلی باری انٹری ہوئی ہے لیکن اس نے اپنی پرفارمنس سے سب کو حیران کردیا ہے۔

کراچی کنگز کے بھی 7 پوائنٹ تاہم رن ریٹ کی بنیاد پراس کی دوسری پوزیشن ہے، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے اب تک تین تین کامیابیاں سمیتی ہیں، زلمی کا تیسرا اور یونائیٹڈ کا چوتھا نمبر ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دو فتوحات کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے البتہ لاہور قلندرز پانچ میچز کھیل کر بھی کوئی پوائنٹ نہیں بنا سکی ہے۔

error: Content is protected !!