دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) کولن انگرام کی شاندار نصف سنچری کی بدولت پاکستان سپر لیگ کے کوالیفائر میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 155 رنز کا ہدف دے دیا۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز خرم منظور تھے جو محمد سمیع کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔اسی اوور میں محمد سمیع نے بابر اعظم کو بھی چلتا کیا جو جارحانہ اسٹروک کھیلنا چاہتے تھے تاہم جے پی ڈومنی کو کیچ دے بیٹھے۔تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین کپتان اوئن مورگن تھے جو عماد بٹ کی گیند پر جے پی ڈومنی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد کولن انگرام اور جو ڈینلی کے درمیان 81 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس نے کراچی کے ابتدائی اوورز کے نقصان کا کسی حد تک ازالہ کیا۔جو ڈینلی 51 رنز بناکر فہیم اشرف کی گیند پر ہٹ وکٹ ہوگئے۔ڈینلی کے آؤٹ ہونے کے باوجود کولن انگرام نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 6 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 39 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیل کر کراچی کے مجموعے میں اہم ترین کردار ادا کیا۔اس سے قبل کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔اسلام آباد کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ انجری کا شکار مصباح الحق کی جگہ صاحبزادہ فرحان جبکہ اسٹیون فن کی جگہ سمیت پٹیل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔دوسری جانب کراچی کنگز کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔آج کے میچ میں ہارنے والی ٹیم کو ایونٹ میں رہنے کے لئے ایک اور موقع ملے گا جو دوسرے کوالیفائینگ میچ کی فاتح ٹیم سے کھیلے گی۔