کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل رائونڈر شاہد خان آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ دل کے عارضے میں مبتلا سابق اولمپئن گول کیپر منصور علی خان کے علاج پر آنے والے تمام اخراجات وہ اٹھانے کو تیار ہیں، اپنے ایک جاری کردہ بیان میں شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ شاہد خان آفریدی فائونڈیشن منصور کے علاج پر اٹھنے والے تمام اخراجات ادا کریگی، پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق گول کیپر اولمپئن منصور جو گزشتہ ایک ماہ سے زیر علاج ہیں اور ڈاکٹروں نے انہیں بیرون ملک ہارٹ ٹرانسپلانٹ تجویز کیا ہے،سابق گول کیپر جو گزشتہ اٹھارہ روز سے آئی سی یو میں داخل ہیں کا پانچ لاکھ کا میڈیکل بل پاکستان کسٹمز نے ادا کیا ہے جبکہ بقایا دس لاکھ روپے کا بل پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ادا کیا ہے، یاد رہے کہ اپنے ایک بیان میں منصور نے پاکستان کے وزیراعظم سے علاج کیلئے اپیل کی تھی۔