پی ایس ایل کا سپر میچ: بارش رکنے کے بعد گراؤنڈ خشک کرنے کا کام شروع

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کے شائقین کرکٹ کا انتظار ختم ہوگیا اور پی ایس ایل کا سپر میچ دیکھنے لوگوں کی بڑی تعداد قذافی اسٹیڈیم پہنچنا شروع ہوگئی۔کچھ دیر پہلے لاہور میں گرج چمک کے ساتھ بارش شروع ہوگئی تھی، اس کے رکنے کے بعد اب گراؤنڈ کو خشک کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے جس کے لیے سپر ساپر کا استعمال کیا جارہا ہے۔ایونٹ کا پہلا ایلیمنیٹر میچ دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان شام 7 بجے کھیلا جائے گا جس کے لئے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں۔ شائقین کرکٹ اسٹیڈیم پہنچنا شروع ہوگئے اور گراؤنڈ میں داخلے سے قبل منچلے اپنے چہروں پر پینٹنگ کروا رہے ہیں جب کہ اسٹیڈیم کے باہر قطاریں لگنا شروع ہوگئیں۔

اسٹیڈیم آنے والے شائقین کو ٹریفک پولیس کی جانب سے پھولوں کے تحفے پیش کیے جارہے ہیں۔

سیکیورٹی اداروں کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ شائقین  ٹکٹ اور اصل شناختی کارڈ ہمراہ لائیں اور سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد ہی انہیں اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

ذاتی گاڑیوں میں آنے والے شائقین کے لئے لبرٹی اور یونیورسٹی گراؤنڈ سمیت 4 مختلف پارکنگ ایریاز بنائے گئے ہیں جہاں سے فری شٹل سروس کے ذریعے انہیں گراؤنڈ کے قریب لایا جارہا ہے۔

اسٹیڈیم کے اردگرد 3 کلومیٹر کی حدود میں تعلیمی ادارے صبح 11 بجے ہی بند کر دیے گئے تھے جبکہ میٹرو بس کے چند اسٹیشنز بھی بند ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم سے مال روڈ کے نجی ہوٹل تک دفعہ 144 نافذ ہے اور سیکیورٹی کے حوالے سے قذافی اسٹیڈیم میں مانیٹرنگ سیل بھی قائم کیا جاچکا ہے۔

اسٹیڈیم کے اطراف اور ہوٹل سے آنے والی سڑک پر جگہ جگہ غیرملکی کھلاڑیوں کے لئے خیرمقدمی بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔

ایلیمنیٹر میچز کے دوران رمیز راجا اور بازید خان کے علاوہ ایلن ولکنز، ڈیرن گنگا اور مائیکل سلیٹر کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔

لاہور میں بارش

محکمہ موسمیات نے لاہور میں آج اور کل بارش کی پیشگوئی کی ہے اور صبح سے ہی ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کے بعد موسم مزید حسین ہوگیا۔

بوندا باندی کے بعد قذافی اسٹیڈیم کی پچ کو ڈھانپ دیا گیا ہے۔

تیز بارش کی صورت میں اگر آج کھیلا جانے والا میچ متاثر ہوا تو اس کا فائدہ پشاور زلمی کو ہوگا، پوائنٹس ٹیبل پر رنز اوسط کے حساب سے پشاور زلمی کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پر سبقت حاصل ہے۔

میچ نہ ہوا تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا اور پشاور زلمی پلے آف کا دوسرا میچ کراچی کنگز کے خلاف کھیلے گی۔

یاد رہے کہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 25 مارچ کو پی ایس ایل تھری کا فائنل کھیلا جائے گا اور اسلام آباد یونائیٹڈ پہلے ہی فائنل کے لئے کوالیفائی کرچکی ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں شائقین کرکٹ پرجوش

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان آج کھیلا جانے والا میچ دیکھنے کے لئے کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شائقین کرکٹ کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

شہر قائد میں بڑے شاپنگ سینٹرز اور محلوں میں بڑی بڑی اسکرینیں لگائی گئی ہیں جب کہ کچھ شائقین گھروں میں اہلخانہ کے ساتھ بیٹھ کر میچ دیکھیں گے۔

حیدرآباد، سکھر لاڑکانہ اور سندھ کے دیگر شہروں کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

کوئٹہ، چمن، زیارت، خضدار، جھل مگسی، دالبندین سے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں شائقین کرکٹ اپنی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سپورٹ کر رہے ہیں اور آج کا میچ دیکھنے کے لئے پرجوش ہیں۔

پشاور، مردان، صوابی، مانسہرہ، ایبٹ آباد سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں کچھ شائقین کوئٹہ اور بیشتر پشاور زلمی کو سپورٹ کر رہے ہیں۔

سوات، چترال سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں پی ایس ایل کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے جہاں شائقین کرکٹ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کا ٹاکرا دیکھنے کے لئے بے تاب ہیں۔

تعارف: newseditor