آل پاکستان جونیئر سکواش چیمپئن شپ پشاور میں شروع ہوگئی

سیکرٹری سپورٹس طاہر اورکزئی نے باضابطہ افتتاح کیا، ملک بھر سے 70 سے زائد کھلاڑی شرکت کررہے ہیں
پشاور(سپورٹس رپورٹر)خیبرپختونخوا سکواش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بوائز انڈر17 اور انڈر19 کے پی آل پاکستان جونیئر سکواش چیمپئن شپ گزشتہ روز قمرزمان سکواش کمپلیکس پشاور میں شروع ہوگئی’صوبائی سیکرٹری سپورٹس طاہر اورکزئی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ سکواش لیجنڈ اور صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کے چیئرمین قمرزمان’ ڈی جی سپورٹس خالد خان ‘محب اللہ خان’ چیف آرگنائزر و چیف ریفری منور زمان’ ڈپٹی ڈائریکٹر عزیز اللہ جان ‘ایسوسی ایٹ سیکرٹری سکواش ایسوسی ایشن سجاد خلیل’ فنانس سیکرٹری وزیر محمد سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں’ آل پاکستان مقابلوں میں تمام صوبوں سے 70 سے زائد کھلاڑی شریک ہیں 64 کھلاڑی کوالیفائنگ رائونڈ میں ہیں جبکہ مین ڈرا میں 32 کھلاڑی شامل ہوں گے اور ان مقابلوں کے لئے ونر کھلاڑیوں کے لئے انعامی رقم دو لاکھ روپے رکھی گئی ہے

 

صوبائی سیکرٹری سپورٹس طاہر اورکزئی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سکواش میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لئے ہم سب محنت کررہے ہیں کھلاڑیوں کو بھی مطلوبہ محنت کرنا ہوگی انہوں نے کہا کہ سکواش کورٹس کاجال بچھایا جارہا ہے تعلیمی اداروں میں بھی سکواش کورٹس تعمیر کئے جارہے ہیں جس سے کھلاڑیوں کو آگے آنے کے بھرپور مواقع میسر آئیں گے انہوں نے کہا کہ حکومت دیگر کھیلوں پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے وزیراعلیٰ محمود خان خود مانیٹر کررہے ہیں اور صوبہ بھر میں بہترین کھیلوں کی سہولتوں کی فراہمی کیساتھ ساتھ کھلاڑیوں کو اپنی بہترین صلاحیتیں دکھانے کے مواقع بھی مل رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ یہی کھلاڑی مستقبل میں نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کانام روشن کریں گے انہوں نے کہا کہ پشاور میں آل پاکستان سطح کے مقابلوں کے انعقاد پر سکواش لیجنڈ قمرزمان اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے اور ہماری انہیں بھرپور سپورٹ حاصل رہے گی

سکواش لیجنڈ قمرزمان نے کہا کہ ہمارا فوکس جونیئر کھلاڑیوں پر زیادہ ہے حال ہی میں پشاور کے نور زمان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشین ٹائٹل اپنے نام کیا اور یہ پاکستان کے لئے کافی عرصے کے بعد بہت بڑا اعزاز ہے انہوں نے کہا کہ نور زمان سمیت دیگر جونیئر کھلاڑی بھی محنت کررہے ہیں اور امید ہے کہ ہمارے یہ جونیئر کھلاڑی مستقبل کے چیمپئن بنیں گے انہوں نے کہا کہ اس قسم کے ٹورنامنٹس زیادہ سے زیادہ ہونے چاہئیں جس کے لئے ہم اپنے سالانہ قلیل بجٹ میں کوشش کرتے رہتے ہیں گرانٹ انتہائی کم ہے جبکہ ہمارے سالانہ ٹورنامنٹس کی تعداد تیس تک پہنچ گئی ہے انہوں نے کہا کہ خاص طور پر انعامی رقوم زیادہ ہونی چاہئیں تا کہ کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی ہوسکے انہوں نے تجویز پیش کی کہ ہر ٹورنامنٹ کے لئے کم از کم انعامی رقم پانچ لاکھ ہونی چاہئے جس کے لئے حکومت کواقدامات کرنے چاہئیں اس کیساتھ سپانسرز کو بھی آگے آنا چاہئے کیونکہ ایک صرف ریکٹس’گیند’شوز’سٹنگز ‘ڈائٹ ہر چیز مہنگی ہے جو کھلاڑی کے لئے بہت مشکل ہوتا ہے ہم سے جو ہوتا ہے ہم کھلاڑیوں کو سپورٹ کرتے ہیں تاہم ان کے لئے بڑی سپورٹ کی ضرورت ہے پاکستان سکواش فیڈریشن بھی کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کررہی ہے جس کے بہترین نتائج سامنے آ رہے ہیں انہوں نے عزم کااظہار کیا کہ وہ جونیئر کھلاڑیوں کوزیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔گزشتہ روزہونیوالے کوالیفائنگ رائونڈ کے مقابلوں میں کے پی کے اسحاق خان’جلال شیر’پنجاب کے حسن شمیم’کے پی کے ایم حماد’ پنجاب میر خواجہ’ زانا زوہیب اور ایم ارسلان علی نے اپنے میچ جیت لئے جبکہ کے پی کے شایان علی’عبدالمعیز’ہارون ‘شایان اکرام’واقف اور یحییٰ کو بائی مل گئی۔

error: Content is protected !!