لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) صوبائی وزیرکھیل پنجاب جہانگیرخانزادہ نے کہا ہے کہ چوتھی بین الصوبائی گیمز میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے دستے کی کارکردگی شاندار رہی ہے پنجاب حکومت نے صوبہ میں سپورٹس کا بہترین انفراسٹرکچر بنایا ہے جس کے اثرات سامنے آرہے ہیں ، امید ہے پنجاب کا دستہ آئندہ بھی اسی طرح کی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھے گا کھلاڑیوں نے محنت کرکے ٹائیٹل اپنے نام کیا ہے ، جس میں تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کو مبارکباد پیش کر تا ہوں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ سے ملاقات کے موقع پر کیا ، اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن جاوید رشید چوہان بھی موجود تھے جبکہ پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ نے چوتھی بین الصوبائی گیمز کی وننگ ٹرافی صوبائی وزیرکھیل پنجاب جہانگیرخانزادہ کو پیش کی اور بین الصوبائی گیمز میںسپورٹس بورڈ پنجا ب کے تعاون پر شکریہ ادا کیا ، اس موقع پرصوبائی وزیرکھیل جہانگیرخانزادہ نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں سپورٹس کے میگا پراجیکٹس پرکام جاری ہے جن میں سے درجنوں پراجیکٹس تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ، وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق سپورٹس کا انفراسٹرکچر تیار کیا گیا ہے جس کی بدولت پنجاب کی کارگردگی بہتر سے بہتر ہورہی ہے ، قائداعظم گیمز میں بھی سپورٹس بورڈپنجاب ونر تھااور اب چوتھی بین الصوبائی گیمز میں بھی پنجاب نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمدعامرجان کی سربراہی میں سپورٹس کے لئے بہترین اقدامات کر رہا ہے۔