کیپ ٹاؤن(سپورٹس لنک رپورٹ) آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنا لئے اور اسے پروٹیز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 66 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی ایک وکٹ باقی ہے، ٹم پین 33 اور جوش ہیزلووڈ ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، کیمرون بینکرافٹ 77 رنز بنا کر نمایاں رہے، نیتھن لیون نے مشکل وقت میں 47 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، مورنے مورکل نے 4 اور کگیسوربادا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، قبل ازیں جنوبی افریقن ٹیم پہلی اننگز میں 311 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، ڈین ایلگر 141 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، پیٹ کمنز نے 4 وکٹیں لیں۔ جمعہ کو کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوسرے روز جنوبی افریقہ نے 266 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو ایلگر 121 اور ربادا 6 رنز پر کھیل رہے تھے، ربادا 22 رنز بنا کر نیتھن لیون کی گیند کا نشانہ بنے، 311 کے سکور پر جنوبی افریقہ کی آخری وکٹ گری جب مورکل 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ایلگر ایک اینڈ پر ڈٹے رہے اور 141 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، پیٹ کمنز نے 4، ہیزلووڈ اور لیون نے 2، 2 اور سٹارک نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے پہلی اننگز شروع کی تو 43 کے سکور پر اسے ڈیوڈ وارنر کا نقصان اٹھانا پڑا جو 30 رنز بنا کر چلتے بنے، عثمان خواجہ اور کپتان سٹیون سمتھ کا بلا بھی نہ چلا اور 5، 5 رنز بنا کر مورکل کی گیندوں کا نشانہ بنے، شان مارش بھی 26 رنز بنا سکے، مچل مارش بھی بیٹنگ کا جادو نہ چلا سکے اور 5 رنز بنا کر چلتے بنے، پیٹ کمنز 4 اور سٹارک 2 رنز بنا کر ربادا کی گیندوں پر آؤٹ ہوئے، 175 رنز 8 وکٹیں گرنے کے بعد ٹیم پین اور نیتھن لیون نے نویں وکٹ میں 66 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 241 تک پہنچا کر اسے مکمل تباہی سے بچایا، لیون 47 رنز بنانے کے بعد مورکل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، اسطرح دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے 9 وکٹوں پر 245 رنز بنا لئے تھے اور اسے پروٹیز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 66 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی ایک وکٹ باقی ہے، پین 33 اور ہیزلووڈ ایک رن بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، مورکل نے 4 ربادا نے 3 اور فلینڈر نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔