کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان سپر لیگ کے فائنل مقابلے کے لئے نیشنل اسٹیڈیم میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 8 سال بعد غیرملکی کرکٹرز ایکشن میں دکھائی دیں گے جس کے لئے انتظامیہ کی جانب سے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں ۔نیشنل اسٹیڈم کے اندر اور باہر 80 کیمروں کی مدد سے نگرانی کا نظام قائم کیا گیا ہے جس کے لئے کنٹرول روم قائم کرتے ہوئے 20 ایل سی ڈیز نصب کردی گئی ہیں۔ انچارج کنٹرول روم کے مطابق کیمروں کی مدد سے اسٹیڈیم کے اندر اور باہر کی نقل و حرکت کا جائزہ لیا جائے گا اور اسٹیڈیم سے متصل سڑک پر چلنے والی گاڑیوں کے نمبر بھی کیمروں کی رینج میں ہوں گے۔انچارج کنٹرول روم کا کہنا ہے کہ نگرانی کے لئے نائٹ وژن کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں اور کیمروں کا ریکارڈ 2 ماہ تک محفوظ رکھا جاسکے گا۔یاد رہے کہ دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان پی ایس ایل تھری کا فائنل 25 مارچ کو کھیلا جائے گا۔