فورسز نے نیشنل اسٹیڈیم کا کنٹرول سنبھال لیا

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان سپر لیگ کا آخری معرکہ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہو گا جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

کراچی میں 9 سال بعد کرکٹ میں واپسی پر شہر بھر میں ہے میلے کا سا سماں ہے اور ہر کوئی پی ایس ایل فائنل کے جنون میں مبتلا ہے۔

شہر کی مختلف شاہراہوں پر کھلاڑیوں کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں جبکہ فائنل کے لیے نیشنل اسٹیڈیم تیار ہو چکا، ہر اسٹینڈ میں صفائی ستھرائی بھی ہو گئی ہے۔

شائقین کے بیٹھنے کے لیے کرسیاں بھی لگ گئیں اور وی آئی پیز کےلیے ریڈ کارپٹ بھی بچھ گیا، صاف اور ٹھنڈا پانی مہیا کرنے کےلیے 40 الیکٹرک کولر بھی اسٹیڈیم پہنچا دیئے گئے۔

براڈ کاسٹر کا عملہ میچ کو دنیا بھر میں براہ راست دکھانے کےلیے دن رات تیاریوں میں مصروف ہے۔

اسٹیڈیم کے چاروں طرف 80 کیمرے لگا دیئے گئے ہیں جنہیں 20 ایل سی ڈیز پر مانیٹر کیا جائے گا جب کہ شائقین کے لیے اسٹیڈیم کے گیٹ دوپہر 12 بجے کھولے جائیں گے جنہیں 5 بجے بند کردیا جائے گا۔

شائقین کو اسٹیڈیم تک پہنچانے کے لیے شٹل سروس بھی 12 بجے شروع ہوگی جس کے ذریعے لوگوں کو اسٹیڈیم کےقریب پہنچایا جائے گا، بسیں جہاں اتاریں گی وہاں سےپیدل اسٹیڈیم جاناہوگا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کنٹرول سنبھال لیا

پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نیشنل اسٹیڈیم کا کنٹرول سنبھال لیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سراغ رساں کتوں کے ذریعے اسٹیڈیم کی تلاشی لینے کے بعد اسے کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔

’پی ایس ایل کے ذریعے دُنیا کو بتائیں کہ پورا پاکستان محفوظ ہے‘

سابق کپتان رمیز راجا کا کہنا ہے کہ ہم پی ایس ایل کے ذریعے دُنیا کو بتائیں کہ پورا پاکستان محفوظ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب سارا سال ہی کرکٹ ہورہی ہے، لیگز کھیلی جارہی ہیں، کرکٹ کا کوئی سیزن نہیں رہا تاہم اس کی وجہ سے کرکٹرز انجریز کا شکار ہوجاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کرکٹ میچز کےدرمیان وقفہ دیناچاہیے، ان کے نہ ہونے سے کھلاڑیوں کو فٹ ہونے میں وقت لگتا ہے۔

اس موقع پر سکندر بخت نے کہا کہ پاکستانی کرکٹرز کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنی چاہیے تاکہ وہ فٹ رہ سکیں۔

error: Content is protected !!