لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے لئے بہترین پلیٹ فارم مہیا کررہا ہے، پنجاب حکومت نے سپورٹس میں جدید سہولتیں فراہم کی ہیں جس سے نوجوانوں کی بڑی تعداد سپورٹس کی جانب آرہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں چوتھی سائوتھ ایشیئن ووشو چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں تقسیم انعامات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید، ڈپٹی ڈائریکٹر حفیظ بھٹی، ڈویژنل سپورٹس آفیسر ندیم قیصر،ایڈ منسٹریٹر جمنیزیم ہال مصطفی شاہ اور پاکستان ووشو فیڈریشن کے آفیشل بھی موجودتھے
چیمپیئن شپ میں افغانستان، ایران، سری لنکا، پاکستان گرین اور پاکستان وائٹ کی ٹیموں نے شرکت کی۔کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے مہمان خصوصی سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کو سلامی پیش کی۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے مزید کہا کہ ووشو کا کھیل پاکستان میں مقبول ہورہا ہے، نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کی بڑی تعداد اس کھیل میں حصہ لے رہی ہے، ووشو کے کھلاڑی بہت محنت کررہے ہیں جس سے کہا جاسکتا ہے کہ ووشو کے کھیل کا پاکستان میں مستقبل روشن ہے، انہوں نے کہاکہ پنجاب کے کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کردی گئی ہیں اب یہ نوجوانوں کا فرض ہے کہ وہ ان سہولتوں سے فائدہ اٹھاکر قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے چیمپیئن شپ میں ہونے والے مقابلے دیکھے اور کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔