کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاک بحریہ نے 25ویں نیشنل شوٹنگ چیمپئن شپ کا اعزاز اپنے نام کرلیا جبکہ پاکستان آرمی نے ایونٹ میں دوسرپوزیشن حاصل کی۔ پاکستان نیوی کی شوٹنگ ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 20گولڈ، 14چاندی اور 11کانسی کے تمغے حاصل کیے۔ چیمپئن شپ کی اختتامی اور تقسیم انعاما ت کی تقریب آج پاکستان نیوی شوٹنگ رینج کارساز میں منعقد ہوئی۔
کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل اطہر مختار تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ پاکستان نیوی کے غفران عادل رائفل ایونٹ میں سر فہرست رہے اور چیمپئن شپ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ مہمانِ خصوصی نے تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ شوٹنگ ایک کھیل کے طو ر پر مسلح افواج کے علاوہ قومی سطح پر بھی نمایاں حیثیت حاصل کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شوٹنگ کے مقابلوں میں مسلح افواج کے کھلاڑیوں کے علاوہ ہمارے نوجوان ملک کا نام روشن کرنے کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ ریئر ایڈمرل اطہر امختار نے کہا کہ ہمارے نو جوان ایک بترین شوٹر بننے کی اعلی ٰ صلاحیت اور استعداد رکھتے ہیں اور اسی طرح کے مقابلے نوجوان شوٹرز کو نہ صرف اپنی اہلیت کے اظہار کا موقع فراہم کرتے ہیں بلکہ انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو منوانے کے لیے متحرک بھی کرتے ہیں
۔شوٹنگ کے یہ سات روزہ مقابلے پاک بحریہ کی جانب سے 21تا27مارچ 2018 پاکستان نیوی شوٹنگ رینج میں منعقد کیے گئے جن میں آرمی، نیوی ، ایئر فورس، پنجاب، سندھ، واپڈا، فیڈرل رائفل ایسو سی ایشن اور خیبر پختونخوا کی ٹیموں نے حصہ لیا اور شوٹنگ کے کھیل میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ مختلف ٹیموں کی جانب سے جیتے گئے میڈلز کی تفصیلات در ج ذیل ہیں۔