جوہانسبرگ (سپورٹس لنک رپورٹ) ایڈن مرکرم کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنا لئے، ایڈن مرکرم اور اے بی ڈی ویلیئرز کے سوا پروٹیز کا کوئی بھی کھلاڑی کینگروز باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، مرکرم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور کی اور 152رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، ڈی ویلیئرز 69 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، پیٹ کمنز نے 3 اور چیڈ سیئرز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جمعہ کو جوہانسبرگ میں شروع ہونے والے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقن ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ڈین ایلگر اور ایڈن مرکرم نے ٹیم کو 53 رنز کا آغاز فراہم کیا، نیتھن لیون نے ایلگر کو آؤٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، ایلگر 19 رنز بنا سکے، اس موقع پر مرکرم نے ہاشم آملہ کے ساتھ مل کر عمدہ بیٹنگ کی اور ٹیم کا سکور 142 تک پہنچا دیا، آملہ 27 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، اس کے بعد ڈی ویلیئرز نے مرکرم کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 105 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 247 تک پہنچا دیا، یہاں پر کمنز نے مرکرم کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، مرکرم نے کیریئر بہترین 152 رنز کی اننگز کھیلی، کمنز نے اگلی گیند پر پروٹیز قائد فاف ڈوپلیسی کو آؤٹ کر کے پویلین کی راہ دکھائی، ڈوپلیسی بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، 299 کے سکور پر ویلیئرز 69 رنز بنانے کے بعد چیڈ سیئرز کا نشانہ بنے، کگیسوربادا بھی بغیر کوئی رن بنائے سیئرز کا نشانہ بنے، اس کے بعد ٹیمبا باووما اور ڈی کوک نے مزید نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو پروٹیز نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنا لئے تھے، باووما 25 اور کوک 7 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔