بال ٹمپرنگ سکینڈل،،سزا یافتہ کرکٹرز کا اپیل نہ کرنے کا اعلان

میلبرن(سپورٹس لنک رپورٹ) بال ٹیمپرنگ میں ملوث آسٹریلوی کرکٹرز اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ نے کرکٹ بورڈ کی جانب سے سنائی جانے والی سزاؤں کو قبول کرتے ہوئے اپیل نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

آسٹریلین کرکٹ بورڈ کی جانب سے بال ٹیمپرنگ میں سزا پانے والے تینوں کرکٹرز کے پاس سزا کے خلاف اپیل کرنے کے لئے آج تک کی مہلت تھی تاہم کسی کرکٹر نے بورڈ کے فیصلے کو چیلنج نہیں کیا۔

آسٹریلین کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بال ٹیمپرنگ کے سزا یافتہ کرکٹرز نے پابندیاں قبول کرلی ہیں جس کے بعد کیس میں مزید سماعت کی ضرورت نہیں ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدرلینڈ کا کہنا ہے کہ کیپ ٹاؤن واقعے نے کرکٹ پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں، بال ٹیمپرنگ میں ملوث کھلاڑیوں کے ساتھ نرمی نہیں کی گئی۔

جیمز سدر لینڈ کا کہنا تھا کہ ہمیں علم ہے کہ پابندی کا  شکار کرکٹرز کھیل میں واپس آئیں گے۔

کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان سے قبل سابق نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپیل نہ کرنے سے متعلق بورڈ کو آگاہ کردیا ہے، اپنے کیے پر معذرت خواہ ہوں اور سزا قبول کرتا ہوں۔

یاد رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا نے بال ٹیمپرنگ میں ملوث ہونے پر ڈیوڈ وارنر پر ایک سال کی پابندی اور قیادت کے لئے تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔

ڈیوڈ وارنر کا کہنا تھا کہ اب اچھا انسان بننے کے لیے سب کچھ کروں گا اور کوشش کروں گا کہ اچھا ٹیم پلیئر اور رول ماڈل بنوں۔

بال ٹیمپرنگ کی سزا پانے والے اسٹیو اسمتھ اور کیمرون بینکرافٹ پہلے ہی پابندیاں قبول کر چکے تھے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے بال ٹیمپرنگ کیس میں اسٹیون اسمتھ پر ایک سال اور کیمرون بینکرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی تھی جس کے دوران وہ کسی بھی طرز کی کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔

تعارف: newseditor