گولڈ کوسٹ(سپورٹس لنک رپورٹ) 21 ویں کامن ویلتھ گیمز کی افتتاحی تقریب میٹریکون اسٹیڈیم (Metricon Stadium) گولڈ کوسٹ میں منعقد ہوئی جہاں 35 ہزار کے قریب تماشائیوں کی موجودگی میں فاکس ویگن میں لائی گئی مشعل کو آسٹریلیا کے مختلف لیجنڈز کھلاڑیوں نے گرائونڈ کا چکر لگا کر مقررہ مقام پرروشن کیا جس کے بعد گیمز کے باقاعدہ آغازکااعلان کیا گیا اس موقع پر آسٹریلیا کا قومی ترانہ پڑھا گیا اور کھلاڑیوں سے روایتی حلف لیا گیا مارچ پاسٹ میں سب سے پہلے اسکاٹ لینڈ جبکہ آخر میں پانچویں بار کامن ویلتھ گیمز کی میزبانی کرنے والے آسڑیلیا کا دستہ اسٹیڈیم میں داخل ہوا پاکستان کیجانب سے ویٹ لفٹر عثمان امجد راٹھور قومی پرچم کے ساتھ شیف ڈی مشن جنرل مزّمل حسین ،کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ہمراہ گرائونڈ میں داخل ہوئے تقریب میں برطانیہ کے پرنس چارلس اور ان کی اہلیہ کومیلا نے خصوصی شرکت کی افتتاحی تقریب ہرلحاظ سے قابل دیدتھی جہاں آتشبازی اور لیزر شو نے شائقین کو اپنے سحرمیں جکڑ لیا وہیں موسیقی پر فنکاروں کے دلفریب ثقافتی رقص اور دیوہیکل شارک کے ماڈل کی اسٹیڈیم آمد پر حاضرین نے دل کھول کے داد دی۔