جوہانسبرگ(سپورٹس لنک رپورٹ) جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر کگیسو ربادا فٹنس مسائل کے باعث تین ماہ تک کرکٹ میدانوں سے دور ہو گئے ہیں جس کے سبب وہ رواں ہفتے شیڈول انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) سے بھی باہر ہو گئے۔
ربادا نے آئی پی ایل میں دہلی ڈیئر ڈیولز کی نمائندگی کرنا تھی اور دہلی نے 4.2 کروڑ بھارتی روپوں میں جنوبی افریقن باؤلر سے معاہدہ کیا تھا۔
جنوبی افریقی ٹیم کے منیجر اور ڈاکٹر محمد موسیٰ جی نے اپنے بیان میں بتایا کہ ربادا نے آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوران کمر میں تکلیف کی شکایت کی تھی اور اسی وجہ سے وہ دوسری اننگز میں صرف 8 اوورز کرا سکے تھے۔
اسکین کی رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ ان کی کمر میں اسٹریس ہے اور ڈاکٹرز نے رپورٹ کے بعد انہیں تین ماہ تک مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے، جس کی وجہ سے وہ آئی پی ایل اور دورہ سری لنکا سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔
ربادا پہلے کھلاڑی نہیں جو انجری مسائل کے سبب آئی پی ایل سے باہر ہوئے ہیں بلکہ ان سے قبل آسٹریلین فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک، کرس لن بھی فٹنس مسائل کا شکار ہو کر لیگ سے باہر چکے ہیں جبکہ پابندی کے سبب سابق آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر بھی لیگ نہیں کھیل سکیں گے۔