ممبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)آئی پی ایل کے گیارہویں ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں ڈیوائن براوو نے چنئی سپر کنگز کو سنسنی خیز مقابلے میں ممبئی انڈینز کیخلاف ایک وکٹ سے فتح یاب کرادیا،انہیں 68 رنز کی جارحانہ اننگز پر مرد میدان قرار دیا گیا ۔ وانکھیڈے سٹیڈیم میں چنئی سپر کنگز نے ٹاس جیت کر فیلڈ سنبھالی تو ممبئی انڈینز کے اوپنرز لوئیس صفر اور روہت شرما 15 رنز بنا سکے ۔ وکٹ کیپر ایشان کشن نے 40 اور سوریاکمار یادیو نے 43 رنز بنا کر 78 رنز کی شراکت کی بدولت اپنی ٹیم کو سہارا دیا جبکہ ہردیک پانڈیا نے 22 اور ان کے بھائی کرونال پانڈیا نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں سمیت ناقابل شکست 41 رنز بنا کر ممبئی انڈینز کو چار وکٹوں پر 165 رنز تک پہنچا دیا۔ شین واٹسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جوابی اننگز میں چنئی سپر کنگز کو ہردیک پانڈیا اور ماینک مرکنڈے نے 75رنز پر پانچ وکٹوں سے محروم کردیا۔ شین واٹسن 16،امباتی رایودو 22 اور رویندر جدیجا 12 رنز بنا سکے ۔ کیدار جادھو تیرہویں اوور میں انجری کے سبب ریٹائر ہوئے تو ان کا سکور 14رنز تھا۔ اننگز کے 17ویں اوور میں چنئی کی ٹیم 118رنز پر آٹھ وکٹیں گنوا کر فارغ ہو چکی تھی تو ڈیوائن براوو5 بالز پر ففٹی بنانے کے ساتھ دھونی الیون کو میچ میں واپس لے آئے ۔ جب انیسویں اوور کی آخری بال پر سات چھکے اور تین چوکے لگا کر براوو بھی 68 رنز پر ہمت ہار گئے تو کیدار یادیو نے مستفیض الرحمن کو چھکا اور چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو ایک وکٹ سے فتح دلادی،انہوں نے ناقابل شکست 24 رنز بنا کر ماینک مرکنڈے اور ہردیک پانڈیا کی تین،تین وکٹیں ضائع کر دیں۔