اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پی ایس ایل ٹورنامنٹ کو پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی کا کریڈٹ جاتا ہے،پی ایس ایل سے قومی کرکٹ کو بہت فائدہ ہوا۔ پی ایس ایل کے انعقاد سے دہشت گردی کو شکست ہوئی اور امن جیت گیا۔عوام کی بھر پور شرکت سے دنیا کو یہ پیغام گیا کہ پاکستانی پر امن اور کھیلوں سے محبت کرنے والے لوگ ہیں۔صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں پی ایس ایل کی فاتح ٹیم اور ان کی مینجمنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنھوں نے سیدعلی رضا نقوی کی قیادت میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔صدر مملکت نے کہا کہ کرکٹ کی بحالی سے کھیلوں کی صنعت کو بھی فروغ ملے گا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ سے معیشت میں بہتری آئے گی ۔انھوں نے کہا کہ نوجوان سےبہت سی توقعات وابستہ ہیں۔ اس موقع پر ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور اسلام آباد ٹیم کے انتظامیہ کے عہدیداران نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور عزم کا اظہار کیا کہ وہ قومی پرچم کی سربلندی کے لیے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لاتے رہیں گے۔