سڈنی(سپورٹس لنک رپورٹ)آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل کلارک نے ٹیسٹ کرکٹ میں دوبارہ واپسی کی خبروں کی تردید کردی۔مائیکل کلارک نے تصدیق کی کہ انہوں نے کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدرلینڈ کو بال ٹیمپرنگ اسکینڈل منظرعام پر آنے کے بعد کرکٹ کے معاملات میں معاونت کے حوالے سے پیغام بھجوایا تھا۔مائیکل کلارک کے پیغام کو بعض ذرائع ابلاغ نے ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں دوبارہ واپسی قرار دیا تاہم مائیکل کلارک نے بذریعہ ٹوئٹ ان اطلاعات کی سختی سے تردید کی۔سابق آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کرکٹ آسٹریلیا کے چیف کو ایسی کوئی رسمی پیشکش نہیں کی۔مائیکل کلارک نے خبر کو آؤٹ آف کنٹرول قرار دیا اور کہا کہ ان کا پیغام انڈر 14 ٹیم کے لیے بطور مینٹور خدمات انجام کرنے سے متعلق تھا نا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں دوبارہ واپسی سے متعلق۔یاد رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں تین آسٹریلوی کرکٹرز کے بال ٹیمپرنگ میں ملوث ہونے کے بعد کینگروز بورڈ شدید ناراض ہے اور بال ٹیمپرنگ کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔