ممبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)بھارت میں جاری آئی پی ایل کے ایک میچ کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں بھارت کے ایک جونیئر کھلاڑی نے جب ویرات کوہلی کو آؤٹ کیا تو اس نے ویرات کوہلی کو گالی بھی دے ڈالی، کلکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں ویرات کوہلی نے 33 گیندوں پر 31 رنز بنائے اور فرسٹ کلاس کرکٹر نتیش رائنا کی گیند پر بولڈ ہو گئے لیکن دیکھنے والے حیران و پریشان رہ گئے کہ نتیش رائنا نے نہ ان کے آؤٹ ہونے پر نہ صرف جشن منایا بلکہ انہیں گالی بھی دے ڈالی۔ بھارت کے نتیش رائنا نے اب تک فرسٹ کلاس کرکٹ ہی کھیلی ہے اور انٹرنیشنل ٹیم میں اب تک جگہ نہیں بنا پائے ہیں وہ اس وقت سینئر کھلاڑی کے ساتھ اپنے رویے کی وجہ سے شدید تنقید کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ ان کی سینئر کھلاڑی کو گالی دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے، ایک طرف بھارتی اس ویڈیو کو شیئر کرکے نتیش رائنا کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں تو اس کے مقابلے میں پاکستانی اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے اپنے کھلاڑیوں شاہین آفریدی اور شاہد آفریدی کی مثالیں دے رہے ہیں جنہوں نے اپنے اپنے سینئرز کو آؤٹ کرنے کے بعد ان کے احترام میں جشن نہیں منایا تھا۔ شاہد آفریدی نے سابق کپتان مصباح الحق کو آؤٹ کیا تو سینئر کا احترام کرتے ہوئے کوئی جشن نہیں منایا، اسی طرح کراچی اور لاہور کے مابین کھیلے گئے پی ایس ایل کے میچ میں جب شاہین آفریدی نے شاہد آفریدی کو آؤٹ کیا تو انہوں نے بھی سینئر کے احترام میں جشن نہ منانے کا فیصلہ کیا۔