گولڈ کوسٹ(سپورٹس لنک رپورٹ) کامن ویلتھ کے تیز ترین مرد کا ٹائٹل آکانی سمبائن کو مل گیا۔جنوبی افریقہ کے اسپرنٹر آکانی سمبائن نے مینز 100 میٹر میں مقررہ فاصلہ 10.03 سیکنڈز میں عبور کرکے سونے کا تمغہ حاصل کرلیا، سلور میڈل ہموطن ہینرچو برونٹجیز کے نام رہا، جمیکا کے یوآن بلیک کا آغاز بہت ہی برا ہوا جس کی وجہ سے انھیں برانز میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کی اسپرنٹر مشیلی لی آہی نے ویمنز 100 میٹر میں سونے کا تمغہ پایا، انھوں نے فاصلہ 11.14 سیکنڈز میں عبور کیا۔ نیوزی لینڈ کے ویٹ لفٹر ڈیوڈ لٹی نے مینز 105 پلس کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیتا۔ ویمنز 90 پلس کے جی کیٹیگری میں سمویا کی فیگائیگا اسٹویرز نے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ آسٹریلوی سوئمر ایرائیرن ٹٹموس نے ویمنز 800 میٹر فری اسٹائل میں سونے کا تمغہ جیتا، یہ ان کا رواں گیمز میں تیسرا میڈل ہے۔آسٹریلیا کی ہی سوئمربرونٹ کیمبیل نے 100 میٹرز ویمنز فری اسٹائل میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا، ان کی بہن کیٹ نے سلور میڈل جیتا۔ مینز 200 میٹر بیک اسٹروک سوئمنگ فائنل میں بھی سونے کا تمغہ آسٹریلیا کے نام رہا، مچ لارکن نے مقررہ فاصلہ 56.10 سیکنڈز میں عبور کیا۔ انگلینڈ کے جمناسٹ نیل ولسن نے مینز ہوریزینٹل بار میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرکے گولڈ کوسٹ میں اپنے تمغوں کی تعداد پانچ کرلی۔انگلینڈ کی ہی 17 سالہ جمناسٹ ایلس کنسیلا نے بیم میں سونے کا تمغہ جیتا، وہ اس سے قبل آل ارانڈ میں برانز اور ویمنز ٹیم فائنل میں سلور میڈل جیت چکی ہیں۔ڈینئل سالمون اور مارک ویٹ نے ویلز کو مینز پیئر میں پہلا بالز گولڈ میڈل جتوا دیا۔نیوزی لینڈ کے ورلڈ چیمپئن ٹوماس والش نے شاٹ پٹ میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ بھارت نے مینز ٹیبل ٹینس میں گولڈ میڈل حاصل کیا، فائنل میں اس نے نائیجیریا کو 3-0 سے مات دی۔اس سے قبل ویمنز ٹیبل ٹینس میں بھی سونے کا تمغہ بھارت کے ہی نام رہا تھا۔