گولڈکوسٹ(سپورٹس لنک رپورٹ)کامن ویلتھ گیمز مینز ہاکی ایونٹ میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان میچ دلچسپ مقابلے کے بعد 1-1 گول سے برابر رہا، گرین شرٹس نے ایونٹ میں اپنے چاروں میچز ڈرا کئے، پاکستان نے اس سے قبل ویلز، بھارت اور انگلینڈ کے خلاف بھی میچز ڈرا کئے تھے۔ آسٹریلیا میں جاری میگا گیمز میں بدھ کو کھیلے گئے گروپ بی کے آخری میچ میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم دونوں ٹیمیں فیصلہ کن گول سکور کرنے میں ناکام رہیں، اسطرح مقابلہ 1-1 گول سے برابری پر ختم ہوا، پہلے ہاف کے نویں منٹ میں پاکستان کے شفقت محمود نے شاندار فیلڈ گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی، دوسرے ہاف کے 39ویں منٹ میں ملائیشین کھلاڑی رمضان نے فیلڈ گول کر کے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا، دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن گول سکور کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کی تاہم کوئی بھی ٹیم کامیاب نہ ہو سکی اور دونوں کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا۔واضح رہے کہ اس سے قبل قومی ہاکی ٹیم ویلز،بھارت ،آسٹریلیا کیخلاف میچ برابری پر ختم ہوا تھا۔